احسن خان کی جاوید اختر کے ہمراہ برطانیہ میں تقریب میں شرکت
معروف اداکار احسن خان کی جانب سے بھارتی لکھاری و نغمہ نگار جاوید اختر اور ان کی اہلیہ اداکارہ شبانہ اعظمی کے ہمراہ برطانوی پارلیمنٹ میں ہونے والی ایک تقریب میں شرکت کی ویڈیوز وائرل ہوگئیں۔
احسن خان، جاوید اختر اور شبانہ اعظمی کی جانب سے ایک ہی تقریب میں ایک ایسے وقت میں شرکت کی گئی جب کہ چند ماہ قبل پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی ہوئی تھی اور جاوید اختر نے پاکستان کے خلاف متعدد متنازع بیانات دیے تھے۔
برطانوی پارلیمنٹ میں ادبی حوالے سے ہونے والی تقریب میں پاکستان اور بھارت سے تعلق رکھنے والی دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی۔
تقریب میں برطانوی پارلینمٹ کے اراکین سمیت صحافیوں نے بھی شرکت کی اور دوران تقریب احسن خان اور جاوید اختر نے ادب، زبان اور خطے کی ثقافت پر بھی بات کی۔
تقریب کے دوران احسن خان کو جاوید اختر اور شبانہ اعظمی کے قریب بھی دیکھا گیا جب کہ تقریب کے دوران انہوں نے خطاب میں دونوں بھارتی میاں اور بیوی کو بہترین شخصیات بھی قرار دیا۔
جاوید اختر نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور انہوں نے زیادہ تر ادب، زبان اور ثقافتی ورثے پر بات کی، تاہم انہوں نے اس دوران ہرزہ سرائی سے گریز کیا۔
احسن خان کی جاوید اختر کے ہمراہ تقریب میں شرکت کرنے پر سوشل میڈیا صارفین نے پاکستانی اداکار کو آڑے ہاتھوں بھی لیا اور سوال کیا کہ وہ ان کے ساتھ تقریب میں کیوں شریک ہوئے؟
زیادہ تر افراد نے جاوید اختر پر تنقید کرتے ہوئے احسن خان کو تجویز دی کہ وہ پاکستان سے نفرت کرنے والے افراد سے دور رہیں اور انہیں جاوید اختر جیسے نفرت کرنے والے شخص کے ساتھ تقریب میں شرکت نہیں کرنی چاہیے تھی۔