لائف اسٹائل

میگا کاسٹ ڈرامے ’میں منٹو نہیں ہوں‘ کا آغاز

’میں منٹو نہیں ہوں‘ سے صنم سعید نے بھی نصف دہائی بعد ڈراموں کے ذریعے واپسی کی ہے۔

ڈراما شائقین کا طویل انتظار ختم ہوا اور میگا کاسٹ ڈرامے ’میں منٹو نہیں ہوں‘ کا آغاز ہوگیا اور شائقین نے اس کی پہلی قسط کو ہی شاندار قرار دے دیا۔

’میں منٹو نہیں ہوں‘ کو 18 جولائی سے اے آر وائے ڈیجیٹل پر نشر کیا جانے لگا، ڈرامے کی میگا کاسٹ میں ہمایوں سعید، سجل علی، آصف رضا میر، صبا فیصل، صبا حمید، بابر علی، حاجرہ یامین، اذان سمیع خان، نمیر خان، صائمہ اور دیگر شامل ہیں۔

شائقین کی جانب سے ڈرامے کی پہلی قسط کو ہی سراہا گیا، سوشل میڈیا صارفین نے کہانی کو دلچسپ قرار دیا۔

متعدد رومانوی فلموں کی کہانی جیسے ڈرامے ’میں منٹو نہیں ہوں‘ کی کہانی خلیل الرحمٰن قمر نے لکھی ہے جب کہ اس کی ہدایات ندیم بیگ نے دی ہیں۔

ڈرامے کے ٹریلر اور ٹیزر سے کہانی کا مکمل اندازہ تو نہیں ہوتا، تاہم عندیہ ملتا ہے کہ اس میں محبت، سماجی اقدار، بدلتی ترجیحات اور پرانی روایات جیسے موضوعات کو دکھایا جائے گا۔

بظاہر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ہمایوں سعید اور سجل علی کو ایک رومانوی جوڑی کے طور پر پیش کیا گیا ہے، اسی وجہ سے سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے بڑی عمر کے مرد اور کم عمر لڑکی کی جوڑی کے انتخاب پر تنقید بھی دیکھنے میں آ رہی ہے۔

سجل علی اور ہمایوں سعید کو مبینہ طور پر رومانوی جوڑی کے طور پر دکھائے جانے کے حوالے سے کچھ دن قبل ندیم بیگ نے کہا تھا کہ مکمل ڈراما دیکھے بغیر دونوں پر تنقید درست نہیں، عین ممکن ہے کہ ان کے کردار ایسے نہ ہوں، جیسے ٹیزر میں نطر آ رہے ہیں۔

ہدایت کار کی باتوں سے شائقین نے اندازے لگائے کہ شاید ہمایوں سعید اور سجل علی کو بطور رومانوی جوڑی نہیں دکھایا جائے گا۔

’میں منٹو نہیں ہوں‘ سے صنم سعید نے بھی نصف دہائی بعد ڈراموں کے ذریعے واپسی کی ہے۔