ویتنام میں سیاحتی کشتی طوفان کے دوران الٹ گئی، 34 افراد ہلاک، متعدد لاپتا
ویتنام کے ہا لونگ بے میں خاندانوں کو لے جانے والی ایک سیاحتی کشتی ہفتہ کی دوپہر ایک طوفان کے دوران الٹ گئی، جس کے نتیجے میں کم از کم 34 افراد ہلاک ہو گئے، سرکاری میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ امدادی کارکن لاپتا افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔
ڈان اخبار میں شائع فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق وی این ایکسپریس نیوز سائٹ نے رپورٹ کیا کہ یہ کشتی یونیسکو کے عالمی ورثہ قرار دیے گئے مقام پر اچانک آنے والی شدید بارش کے باعث الٹ گئی، کشتی میں 48 مسافر اور پانچ عملے کے افراد سوار تھے۔
رپورٹ کے مطابق زیادہ تر مسافر ہنوئی کے رہائشی خاندان تھے، جن میں 20 سے زائد بچے بھی شامل تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بارڈر گارڈز نے 11 افراد کو بچایا اور 34 لاشیں برآمد کیں، 8 افراد کی تلاش کے لیے امدادی کام رات تک جاری رہنے کی توقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے کے قریب آسمان سیاہ ہو گیا، پاؤں جتنے بڑے اولے، شدید بارش، گرج چمک اور بجلی کا طوفان تھا۔
بچ جانے والوں میں سے ایک 10 سالہ لڑکے نے ریاستی میڈیا ویتنام نیٹ کو بتایا کہ میں نے گہری سانس لی، ایک خلا سے تیر کر گزرا، غوطہ لگایا، پھر اوپر تیر آیا، میں مدد کے لیے چیخا، پھر ایک فوجی کشتی نے مجھے اٹھا لیا۔
وزیرِ اعظم فام منہ چن نے مرنے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا، دفاع و عوامی تحفظ کی وزارتوں کو فوری طور پر تلاش اور بچاؤ کی کارروائیاں شروع کرنے کا حکم دیا۔
حکومت کی ویب سائٹ پر ایک بیان میں کہا گیا کہ حکام حادثے کی وجوہات کی تحقیقات کریں گے اور کسی بھی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کریں گے، ہفتے کے روز ہنوئی، تھائی نیگوین اور باک نِن صوبوں میں بھی شدید بارش ہوئی۔