لاہور سے کراچی آنے والی پرواز میں بال بال محفوظ رہے، قیصر نظامانی
سینئر اداکار قیصر نظامانی نے بتایا ہے کہ ایک روز قبل پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے سندھ کے دارالحکومت کراچی آنے والی پرواز میں وہ بھی سوار تھے، جو حادثے سے بال بال محفوظ رہی۔
قیصر نظامانی نے انسٹاگرام اور فیس بک پوسٹ میں حادثے سے بچ جانے والے طیارے سے متعلق مداحوں کو آگاہ کیا۔
اداکار نے بتایا کہ وہ لاہور سے کراچی آ رہے تھے کہ نجی ایئرلائن ایئربلیو کی پرواز 401 اڑان بھرنے سے کچھ دیر قبل حادثے کا شکار ہونے سے بچ گئی۔
قیصر نظامانی کے مطابق اڑان کے لیے تیار پرواز سے پردہ آکر ٹکرایا، جس سے طیارہ لڑ کھڑایا مگر کپتان کی حاضر دماغی سے حادثے سے بچ گیا۔
اداکار نے لکھا کہ کپتان نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارہ کو حادثے سے بچا لیا اور 100 سے زائد جانیں بچ گئیں۔
قیصر نظامانی کے مطابق حکام نے بتایا کہ طیارہ سے پرندہ ٹکرایا تھا، جس وجہ سے مسئلہ پیش آیا۔
مذکورہ طیارے سے پرندہ ٹکرانے کے بعد اسے پارکنگ میں کھڑا کرکے اس کی چیکنگ شروع کی گئی تھی۔
ماضی میں بھی متعدد بار پرندےطیاروں سے ٹکرا چکے ہیں، جس سے خوش قسمتی سے طیارے حادثات کا شکار ہونے سے بچ چکے ہیں۔
قیصر نظامانی کی جانب سے طیارے کے حادثے کے شکار ہونے سے بچ جانے کی پوسٹ کے بعد شوبز شخصیات اور مداحوں نے تبصرے کرتے ہوئے شکرانے ادا کیے اور اداکار کی خیریت کے لیے دعائیں بھی کیں۔