شاہد آفریدی سے ملاقات کی پرانی تصویر وائرل ہونے پر اجے دیوگن کو تنقید کا سامنا
سابق پاکستانی کپتان اور کرکٹر شاہد آفریدی سے ملاقات کی پرانی تصویر وائرل ہونے کے بعد بولی وڈ اداکار اجے دیوگن کو تنقید کا سامنا ہے۔
ویب سائٹ ’مشابل انڈیا‘ کے مطابق شاہد آفریدی کے ساتھ مسکراتے ہوئے ملنے کی تصویر وائرل ہونے کے بعد اجے دیوگن کی حب الوطنی پر شک کرتے ہوئے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
زیادہ تر صارفین نے اجے دیوگن کو آڑے ہاتھوں لیا اور لکھا کہ ان جیسے اداکاروں کی دیش بھکتی صرف میڈیا کی حد تک محدود ہوتی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے اجے دیوگن کو طعنے دیتے ہوئے لکھا کہ بھارتی اداکار کی پاکستانی کرکٹر کے ساتھ مسکرا کر ملاقات کرنے کی تصویر نے کئی سوالات کو جنم دیا ہے، پاکستانی کرکٹر ہمیشہ بھارت مخالف بیانات دیتے رہے ہیں۔
بھارتی سوشل میڈیا صارفین نے لکھا کہ اجے دیوگن جیسے اداکاروں کو عوام یا ملک کی کوئی پرواہ نہیں، وہ بھارت دشمنوں کے ساتھ مسکرا کر ملتے دکھائی دیتے ہیں۔
جہاں سوشل میڈیا صارفین نے سوچے سمجھے بغیر اجے دیوگن کو تنقید کا نشانہ بنایا، وہیں بعض صارفین نے نشاندہی کی کہ شاہد آفریدی سے ان کی ملاقات کی وائرل تصویر تازہ نہیں بلکہ پرانی ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین نے بتایا کہ اجے دیوگن اور شاہد آفریدی کی ملاقات کی تصویر 2024 کی ہے۔
صارفین نے واضح کیا کہ وائرل ہونے والی تصویر اجے دیوگن کی شاہد آفریدی سے برمنگھم میں ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز 2024 کے دوران ملاقات کی ہے۔
دونوں کی تصویر ایک ایسے وقت میں وائرل ہوئی ہے جب کہ انگلینڈ میں ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز (ڈبلیو سی ایل) جاری ہے۔
ڈبلیو سی ایل میں 20 جولائی کو پاکستان اور بھارت کا میچ ہونا تھا جو بھارتی کھلاڑیوں کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے منسوخ ہوا تھا۔