لائف اسٹائل

نام نہاد سینئرز کو اہمیت نہ دیں، عروہ حسین کی علیزے شاہ کو ہدایت

علیزے شاہ نے ایک روز قبل انسٹاگرام پر متعدد ویڈیوز کو شیئر کرتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ سینئر اداکاروں نے نہ صرف ان کے ساتھ بلکہ ان کی والدہ کے ساتھ بھی نامناسب رویہ اختیار کیا۔

معروف اداکارہ عروہ حسین نے اداکارہ علیزے شاہ کی جانب سے ویڈیوز شیئر کیے جانے کے بعد ان کی حمایت کرتے ہوئے انہیں ہدایت کی ہے کہ وہ نام نہاد سینئر اداکاروں کو اہمیت نہ دیں، وہ مضبوط و ثابت قدم رہیں، کوئی ان کا کچھ بگاڑ نہیں سکتا۔

علیزے شاہ نے ایک روز قبل انسٹاگرام پر متعدد ویڈیوز کو شیئر کرتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ سینئر اداکاروں نے نہ صرف ان کے ساتھ بلکہ ان کی والدہ کے ساتھ بھی نامناسب رویہ اختیار کیا۔

انہوں نے بتایا تھا کہ کم عمری کی وجہ سے وہ والدہ کو شوٹنگ پر اپنے ساتھ لے جاتی تھیں، جہاں سینئر اداکار ان کی والدہ کو اے سی والے کمرے سے باہر بیٹھنے کا کہتے تھے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں بتایا جاتا تھا کہ اے سی والے کمرے میں جگہ نہیں، والدہ کو باہر بھیجیں جب کہ بعض سینئر مرد اداکار میک اپ روم اپنا بدبودار پسینہ ان کے چہرے پر پھینکتے تھے۔

علیزے شاہ نے اگرچہ سینئر اداکاروں کے نامناسب رویہ پر شکایت کی تھی، تاہم انہوں نے کسی کا نام نہیں لیا تھا۔

اداکارہ کی جانب سے ویڈیوز شیئر کیے جانے کے بعد عروہ حسین نے ان کی حمایت میں پوسٹ کرتے ہوئے انہیں ثابت قدم رہنے کی ہدایت کی۔

عروہ حسین نے انسٹاگرام اسٹوری میں علیزے شاہ کی بہادری کی تعریفیں کیں اور ساتھ ہی انہیں ہدایت کی کہ وہ ایسے نام نہاد سینئرز کو اہمیت نہ دیں، وہ مضبوط و ثابت قدم رہیں، کوئی ان کا کچھ بگاڑ نہیں سکتا۔

اداکارہ نے اپنی علیزے شاہ کو مخاطب ہوتے ہوئے اسٹوری میں لکھا کہ وہ ان کی بات سمجھ رہی ہیں، ان کے احساسات کو محسوس کر رہی ہیں، وہ بہادر ہیں اور اسی طرح بہادر بن کر رہیں۔

انہوں نے علیزے شاہ کو ہدایت کی کہ ایسے نام نہاد سینئرز کی باتوں پر دھیان نہ دھریں، جن کی انا اتنی نازک ہوتی ہے کہ وہ فوراً بگڑ جاتے ہیں۔

عروہ حسین نے لکھا کہ تمہاری سچائی ہمیشہ کرپٹ لوگوں کو کھٹکنے لگی گی لیکن وہ فکر نہ کریں، قسمت اپنے انداز میں سب کچھ واپس لوٹاتی ہے، اس لیے وہ مضبوط اور ثابت قدم رہیں۔