لائف اسٹائل

حمیرا اصغر کی لاش پر باتیں، شوبز شخصیات کو شرم آنی چاہیے، اسٹائلسٹ دانش مقصود

حمیرا اصغر فلم ’لو گرو‘ کا حصہ ہیں، ماہرہ خان اور ہمایوں سعید نے انہیں یاد نہ کیا، تماشا گھر کے میزبان عدنان صدیقی بھی انہیں بھول گئے تھے، اسٹائلسٹ

استائلسٹ دانش مقصود نے مردہ حالت میں پائی گئیں اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش سے متعلق باتیں اور دعوے کرنے والی شوبز شخصیات کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں شرم آنی چاہیے اور کچھ خدا کا خوف بھی کرنا چاہیے۔

دانش مقصود نے حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں حمیرا اصغر کے لاپتہ ہونے سے متعلق مزید نئے دعوے کیے۔

فیشن اسٹائلسٹ کا کہنا تھا کہ اداکارہ نے آخری فیشن شوٹ ان کے ساتھ کیا دو اکتوبر 2024 کو مکمل کیا، جس کے بعد 7 اکتوبر سے ان کا رابطہ اداکارہ سے مکمل طور پر منقطع ہوگیا۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ہر طرح سے اداکارہ سے رابطہ کرنے کی کوشش کی، فون کالز کیں، واٹس ایپ میسیجز کیے اور یہاں تک کہ ایک انٹرنی لڑکے کو اداکارہ کے گھر بھی بھیجا، جس نے بتایا کہ اداکارہ کے گھر کو تالا لگا ہوا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اداکارہ سے رابطہ نہ ہو پانے کے بعد فروری 2025 کو انہوں نے حمیرا اصغر کے فوٹوشوٹ کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں لیکن اداکارہ نے ان کی انسٹاگرام پر کولیبریشن کی دعوت قبول نہیں کی۔

دانش مقصود کے مطابق 5 فروری کو ان کی جانب سے سوشل میڈیا پر تصاویر شیئر کیے جانے سے قبل انہوں نے اداکارہ کا واٹس ایپ دیکھا، جس پر پروفائل پکچر بھی لگی ہوئی تھی جب کہ لاسٹ سین 7 اکتوبر 2024 آ رہا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ایک دن بعد 6 فروری کو انہوں نے حمیرا اصغر کا واٹس ایپ چیک کیا تو پروفائل پکچر غائب ہو چکی تھی جب کہ لاسٹ سین بھی نظر نہیں آیا، جس پر انہیں شکوک بھی ہوئے۔

فیشن اسٹائلسٹ کے مطابق انہوں نے متعدد شوبز سوشل میڈیا پیجز والوں کو بھی حمیرا اصغر کے لاپتہ ہونے سے متعلق خبریں بھیجیں، جس میں سے زیادہ تر ان کے ساتھ تعاون کیا لیکن اس باوجود اداکارہ کا پتہ نہ چل سکا۔

دانش مقصود کے مطابق اسی عرصے کے دوران وہ مسلسل حمیرا اصغر کے لاپتہ ہونے کی باتیں کرتے رہے لیکن کبھی کسی شوبز شخصیت نے ساتھی اداکارہ سے متعلق کچھ نہیں کہا، صرف رابعہ کلثوم نے ان سے رابطہ کرکے معلوم کیا تھا کہ حمیرا اصغر سے متعلق کچھ معلومات ملی؟

فیشن اسٹائلسٹ نے یہ بھی بتایا کہ حمیرا اصغر حال ہی میں ریلیز ہونے والی ماہرہ خان اور ہمایوں سعید کی فلم ’لو گُرُو‘ میں بھی تھیں لیکن وہ فلم کے پریمیئر میں شریک ہوئیں، اس باوجود ماہرہ خان اور ہمایوں سعید کو کوئی پریشانی نہ ہوئی۔

انہوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ حمیرا اصغر ’تماشا گھر‘ میں بھی کام کر چکی ہیں لیکن عدنان صدیقی نے ان کے لاپتہ ہونے سے متعلق کوئی پوسٹ تک نہ کی کیوں؟ ساتھ ہی انہوں نے شوبز کے دوسرے اداکاروں کو بھی ساتھی اداکارہ کی خبر نہ رکھنے پر تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ ان کے ساتھی نہیں تھے۔

دانش مقصود نے حمیرا اصغر کی لاش ملنے کے بعد شوبز شخصیات کی جانب سے ان کی موت پر پوسٹس کرنے پر بھی انہیں تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ شوبز والوں کو دو دن بعد خیال آیا کہ اداکارہ کی لاش وہ وصول کریں۔

انہوں نے کہا کہ سونیا حسین کو پہلے دن خیال نہیں آیا بلکہ دو دن کے بعد انہوں نے حمیرا اصغر کی لاش حوالے کرنے کا کہا جب کہ یاسر حسین بھی میدان میں آئے کہ اداکارہ کی لاش سونیا حسین کو ملنی چاہیے۔

انہوں نے یاسر حسین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی قرعہ اندازی چل رہی ہے؟ساتھ ہی انہوں نے یشمیٰ گل کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ بھی بتانے لگ گئیں کہ انہوں نے پولیس سے رابطہ کیا ہے اور حمیرا اصغر کی لاش دینے کی درخواست کی ہے۔

دانش مقصود نے حمیرا اصغر کی لاش اور موت پر باتیں کرنے پر شوبز شخصیات کو کڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ انہیں خدا کا خوف کرنا چاہیے، وہ خدا خدا کریں، انہیں شرم آنی چاہیے۔

خیال رہے کہ حمیرا اصغر کی لاش 8 جولائی کو کراچی کے علاقے ڈیفینس کے کرائے کے فلیٹ سے ملی تھی، ان کی تدفین 11 جولائی کو آبائی شہر لاہور میں کی گئی تھی۔

پولیس اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق اداکارہ کی لاش کم سے کم 9 ماہ پرانی تھی، ممکنہ طور پر ان کی موت 7 اکتوبر 2024 کو ہوئی تھی۔