پاکستان

کوئٹہ میں غیرت کے نام پر دہرے قتل کا ایک اور واقعہ

باپ نے مبینہ غیرت کے نام پر بیٹی اور بھانجے کو گولیاں مار کر قتل کر دیا، پولیس افسر

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے قمبرانی روڈ پر غیرت کے نام پر قتل کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں باپ نے بیٹی اور بھانجے کو گولیاں مار کر قتل کر دیا۔

سب ڈویژنل پولیس افسر (ایس ڈی پی او) شالکوٹ اطہر رشید نے ڈان کو بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں نازنین اور غلام قادر جاں بحق ہو گئے، جبکہ ملزم عبد اللطیف واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد میتیں ورثاء کے حوالے کر دی گئیں۔

انہوں نے بتایا کہ کیچی بیگ تھانے کی ٹیم ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے اور جلد اسے گرفتار کر لیا جائے گا، جبکہ مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل کوئٹہ کے نواحی علاقے ڈیگاری میں غیرت کے نام پر قتل کیے گئے مرد اور عورت کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

وائرل ویڈیو کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ بظاہر ان پر پسند کی شادی کرنے کا الزام تھا۔

تاہم، وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا تھا کہ کوئٹہ کے نواحی علاقے میں قتل ہونے والے افراد کے درمیان کوئی ازدواجی رشتہ نہیں تھا، دونوں پہلے سے شادی شدہ تھے اور ان کے بچے بھی ہیں۔

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے نواح میں خاتون اور مرد کو قتل کرنے والے مرکزی ملزم بشیر احمد سمیت 20 افراد کو گرفتار کرلیا گیا تھا، گرفتار ملزمان میں ستکزئی قبیلے کے سربراہ شیرباز ستکزئی، ان کے 4 بھائی اور 2 محافظ بھی شامل ہیں، واقعے کا مقدمہ ہنہ اوڑک تھانے میں ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا، جبکہ عدالت نے شیرباز ستکزئی کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا تھا۔