لائف اسٹائل

پرنس آف ڈارکنس اوزی اوسبورن 76 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

اوزی اوسبورن نے بلیک سبتھ کے ساتھ دوبارہ شمولیت اختیار کی تھی اور 5 جولائی کو برمنگھم، انگلینڈ میں ایک شاندار الوداعی کنسرٹ کیا۔

بلیک سبتھ کے مرکزی گلوکار اور ’پرنس آف ڈارکنس‘ کے نام سے مشہور اوزی اوسبورن 76 برس کی عمر میں اپنے اہل خانہ کے درمیان انتقال کر گئے۔

گلوکار کے اہلِ خانہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ ہمیں انتہائی غم کے ساتھ یہ اطلاع سب کو دینی پڑ رہی ہے کہ ہمارے پیارے اوزی اوسبورن آج صبح انتقال کر گئے، وہ انتقال سے قبل پیار کرنے والوں اور اہلِ خانہ کے درمیان تھے، ہم سب سے درخواست کرتے ہیں کہ اس مشکل وقت میں ہماری رازداری کا احترام کریں۔

حال ہی میں اوزی اوسبورن نے بلیک سبتھ کے ساتھ دوبارہ شمولیت اختیار کی اور 5 جولائی کو برمنگھم، انگلینڈ میں ایک شاندار الوداعی کنسرٹ کیا۔

’بیک ٹو دی بیگننگ‘ کے نام سے منعقد ہونے والے اس شو میں میٹالیکا، گنز این روزز، سلیئر، ٹول، پانٹیرا، گوجیرا سمیت کئی دیگر بینڈز نے شرکت کی، جس میں تقریباً 40 ہزار مداح موجود تھے، یہ موقع تقریباً دو دہائیوں بعد اصل بینڈ اراکین کی ایک ساتھ اسٹیج پر موجودگی کا مظہر تھا۔

اس کنسرٹ میں اوزی اوسبورن نے بیماریوں کے باعث چمگادڑ نما تخت پر بیٹھ کر پرفارم کیا، وہ پارکنسنز بیماری، ریڑھ کی ہڈی کے ٹیومر سمیت مختلف طبی مسائل اور متعدد سرجریز سے گزر چکے تھے۔

2019 کے طبی مسائل کے بعد انہیں 2020 کے آغاز میں پارکنسنز کی تشخیص ہوئی، اس کے بعد اُنہوں نے گردن، ریڑھ کی ہڈی اور انگوٹھے کی سرجریز کروائیں اور برسوں تک فزیکل تھراپی جاری رکھی، انہوں نے جزوی طور پر مفلوج ہونے اور حرکت کی کمی کے باوجود مداحوں کو ایک مناسب الوداع دینے کا عزم برقرار رکھا۔

انہوں نے فروری میں سیریس ایکس ایم پر گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ تمام تر شکایات کے باوجود وہ اب تک زندہ ہیں۔

اوزی اوسبورن اپنے کیریئر کے دوران کئی انقلابی تبدیلیاں لائے، 1969 میں بلیک سبتھ نے اپنا پہلا خود عنوانی البم ریلیز کیا، جسے اکثر ہیوی میٹل کی پیدائش کا لمحہ قرار دیا جاتا ہے، ان کے اگلے البم پیرانائڈ میں ’آئرن مین‘، ’وار پِگس‘ اور ’پیرانائڈ‘ جیسے لازوال گیت شامل تھے۔

1979 میں انہیں منشیات کے استعمال کی وجہ سے بلیک سبتھ سے نکال دیا گیا، جس کے بعد انہوں نے سولو کیریئر کا آغاز کیا اور 1980 میں بلیزرڈ آف اوز اور 1981 میں ڈائری آف آ میڈ مین جیسے کامیاب البمز ریلیز کیے، جن میں ’کریزی ٹرین‘ جیسا ہٹ گانا شامل تھا۔

انہوں نے دنیا بھر میں 10 کروڑ سے زائد ریکارڈز فروخت کیے اور راک اینڈ رول ہال آف فیم میں دو بار شامل ہونے والے چند فنکاروں میں شامل ہوئے، پہلی بار 2006 میں بلیک سبتھ کے ساتھ اور دوسری بار 2024 میں بحیثیت سولو فنکار۔

اوزی اوسبورن نے 5 جولائی 2025 کو برمنگھم میں اپنی آخری پرفارمنس دی، وہ اپنی بیوی شیرون، بچوں ایمی، کیلی، جیک اور دیگر اہلِ خانہ کے ساتھ محبت بھرے لمحات میں رخصت ہوئے، ان کے مداح ان کی موسیقی اور ان کے منفرد انداز کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔