اٹلی میں چھوٹا طیارہ ہائی وے پر جاگرا، پائلٹ اور خاتون ساتھی ہلاک، گاڑیوں کو آگ لگ گئی
اٹلی میں ایک چھوٹا طیارہ مصروف ہائی وے پر گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں پائلٹ اور خاتون ساتھی ہلاک ہو گئے، جب کہ گاڑیوں میں آگ لگنے سے 2 ڈرائیور بھی زخمی ہوگئے۔
نیو یارک پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق بریشیا کی فری وے سے حاصل کردہ ویڈیو میں منگل کے روز فریچیا آر جی طیارے کو فضا سے سیدھا نیچے آتے اور سڑک سے ٹکراتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جس کے بعد وہ شعلوں اور کالے دھوئیں کے بادل کی لپیٹ میں آگیا۔
مقامی اخبار ’جورنالے دی بریشیا‘ کے مطابق اس خوفناک حادثے میں میلان سے تعلق رکھنے والے 75 سالہ پائلٹ اور وکیل سرجیو راوالیا، اور ان کی ساتھی 60 سالہ این ماریا ڈی اسٹیفانو ہلاک ہو گئیں۔
حکام کے مطابق طیارہ گرنے کے بعد آگ لگنے اور دھماکے میں 2 ڈرائیور بھی زخمی ہوئے، ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ کئی گاڑیاں آگ کی لپیٹ میں آکر حادثے کے مقام سے گزر رہی ہیں۔
عینی شاہدین نے مقامی ذرائع کو بتایا کہ راوالیا شاید ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کر رہے تھے، لیکن طیارے کی رفتار بحال نہیں کر سکے جس کے باعث وہ تیزی سے نیچے گرا اور قابو سے باہر ہو کر گھوم گیا۔
فائر بریگیڈ فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچی تاکہ آگ پر قابو پایا جا سکے مگر طیارہ مکمل طور پر تباہ ہو چکا تھا۔
اٹلی کی قومی ایجنسی برائے فلائٹ سیفٹی کا مشیر بریشیا پہنچے گا تاکہ حادثے کی وجوہات کی تحقیقات کا آغاز کیا جا سکے۔
بریشیا ٹوڈے کے مطابق حادثے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔
طیارے میں 75 سالہ مرد اور ایک 60 سالہ خاتون سوار تھے، دونوں موقع پر ہلاک ہو گئے۔
بریشیا کے پبلک پراسیکیوٹر کے دفتر نے اس واقعے کے حوالے سے غیر ارادی قتل کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، تاہم الزامات کا سامنا کرنے والے شخص کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی۔
پراسیکیوٹر کا دفتر طیارے کے ملبے کا ابتدائی جائزہ لینے اور اس کی حالت کی تحقیقات کرے گا، جسے راوالیا چلا رہے تھے۔
فریچیا آر جی ایک اطالوی الٹرا لائٹ طیارہ ہے جو کاربن فائبر سے تیار کیا گیا ہے اور اس کے پروں کا پھیلاؤ تقریباً 30 فٹ ہے۔