لائف اسٹائل

ڈراما لکھاری صائمہ اکرم چوہدری کا بولی وڈ فلم ’سیارہ‘ پر بھارتی عوام کے ردعمل پر طنزیہ تبصرہ

یہ پورا بھارت ایک 'سیارہ' پر کیوں چڑھا ہوا ہے؟ اتنی اوور ایکٹنگ فلم میں نہیں جتنی ان کی عام جنتا کر رہی ہے، ڈراما لکھاری

’سنو چندا‘ اور ’ہم تم‘ جیسے کامیاب ڈراموں کی لکھاری صائمہ اکرم چوہدری نے بولی وڈ فلم ’سیارہ‘ کے بعد بھارتی عوام کے جذباتی ردعمل پر طنزیہ تبصرہ کیا ہے۔

صائمہ اکرم چوہدری نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ شیئر کی، جس میں انہوں نے سوال کیا کہ یہ پورا بھارت ایک ’سیارہ‘ پر کیوں چڑھا ہوا ہے؟ ایسے لگتا ہے جیسے پورے بھارت نے اس فلم کو کامیاب کروانے کی قسم کھا رکھی ہے۔

لکھاری کے مطابق اتنی اوور ایکٹنگ فلم میں نہیں جتنی ان کی عام جنتا کر رہی ہے، مطلب سینما گھروں میں جین زی بے ہوش ہو رہے ہیں، سرف کھا رہے ہیں، مطلب کچھ بھی!

سیارہ بولی ووڈ کی نئی رومانوی فلم ہے جو 18 جولائی کو سینما گھروں میں ریلیز ہوئی تھی۔ یہ فلم موہت سوری کی ہدایت کاری میں بنی ہے اور یش راج فلمز نے اسے پروڈیوس کیا ہے، فلم میں نئے اداکار آہان پانڈے اور انیت پڈا نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔

یہ فلم 2004 میں ریلیز ہونے والی کورین فلم ’اے مومنٹ ٹو ریممبر‘ کا ریمیک ہے، فلم میں ایک ایسے جوڑے کی کہانی دکھائی گئی ہے جس میں لڑکی الزائمر کی بیماری میں مبتلا ہوتی ہے اور یہ بیماری ان کے رشتے کو شدید آزمائش میں ڈال دیتی ہے۔

فلم کو بین الاقوامی سطح پر خوب سراہا جا رہا ہے اور اس نے باکس آفس پر خاصی کمائی کی ہے، یہ بولی ووڈ کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی رومانوی فلموں میں شامل ہو چکی ہے۔

رپورٹس کے مطابق فلم سیارہ نے ریلیز کے صرف چھ دنوں میں 150 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کر لیا ہے اور اسے شائقین کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔

فلم دیکھنے کے لیے جانے والے ناظرین کی کئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں، جن میں بھارتی عوام کا فلم دیکھنے کے بعد کا ردعمل خاصی مقبولیت حاصل کر رہا ہے۔

حجاب کے احکامات خاص ازواج مطہرات کیلئے تھے، عام مسلم خواتین کے لیے نہیں، حمزہ عباسی

وانی کپور نے فواد خان کے ساتھ کی گئی فلم ’ابیر گلال‘ پر پابندی پر خاموشی توڑ دی

کارتک آریان کے ساتھ بولی وڈ فلم کی پیشکش پر تنقید، جنت مرزا نے ناقدین کو حاسد قرار دے دیا