شہری کے پیٹ سے 24 سوئیاں، کانٹے اور نوکدار دھاتیں نکال لی گئیں
عراقی ڈاکٹروں نے ایک 29 سالہ مریض کے معدے سے 24 نوکدار اور دھاتی اشیا کامیابی سے نکال لیں، جن میں بال صاف کرنے والے 16 پلاس، 8 سوئیاں اور 2 پلاس کے کور شامل تھے۔
عرب ویب سائٹ ’گلف نیوز‘ کے مطابق مذکورہ کامیاب طبی کارروائی عراقی شہر سلیمانیہ کے ہسپتال برائے معدہ و جگر میں انجام دی گئی، جہاں مذکورہ شخص شدید پیٹ درد کی شکایت لے کر آیا تھا۔
ہسپتال کے نائب سربراہ ڈاکٹر مصطفیٰ عبدالرحمٰن کے مطابق مریض کے پیٹ میں دھاتی اشیا کی موجودگی کا انکشاف ریڈیالوجیکل امیجنگ کے ذریعے ہوا، جس کے بعد فوری طور پر اینڈواسکوپک طریقے سے آپریشن کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ جنرل اینستھیزیا کے تحت مریض کی اینڈو اسکوپی کی گئی اور صرف ایک گھنٹے میں تمام اشیا بحفاظت نکال لی گئیں۔
ہسپتال انتطامیہ نے تصدیق کی کہ مریض ذہنی امراض کا شکار رہا ہے اور انہی مسائل کے باعث اس نے مختلف اشیا نگل لیں تھیں۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ایسے کیسز حیران کن ضرور ہوتے ہیں لیکن غیر معمولی نہیں۔
ہسپتال کے نائب سربراہ کا کہنا تھا کہ ایسے کیسز انہیں تقریباً روزانہ دیکھنے کو ملتے ہیں، جن میں بچے اور بڑے دونوں شامل ہوتے ہیں، ان مسائل سے بچاؤ کے لیے خاندانی نگرانی اور ذہنی صحت کی دیکھ بھال اہم ہے۔
ڈاکٹرز نے بتایا کہ فی الحال مریض کی حالت مستحکم ہے اور وہ طبی نگرانی میں زیر علاج ہے جب کہ اسے ماہرِ نفسیات کے پاس مزید معائنے اور علاج کے لیے بھی بھیجا گیا۔