بھارت کی شمالی ریاست اُتراکھنڈ کے مندر میں بھگدڑ مچنے سے 6 افراد ہلاک، 10 زخمی
اتوار کے روز بھارت کی شمالی ریاست اُتراکھنڈ کے ایک مشہور ہندو مندر میں بھگدڑ مچنے سے کم از کم 6 افراد کچل کر ہلاک ہو گئے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق بھگدڑ کا یہ واقعہ ہریدوار شہر میں گنگا کے کنارے واقع مانسا دیوی مندر کی سیڑھیوں پر پیش آیا، جہاں بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے، اور اس واقعے میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے۔
سینئر پولیس افسر پرمندر دوبھال نے اے ایف پی کو بتایا کہ 6 افراد ہلاک ہوئے ہیں اور 10 سے زائد زخمیوں کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ میں اس معاملے پر مقامی انتظامیہ کے مسلسل رابطے میں ہوں، اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
بھارت میں مذہبی تہواروں کے دوران بھگدڑ اور ہجوم کے دباؤ کے نتیجے میں ہلاکتیں عام ہیں۔
جون میں، ریاست اوڈیشہ میں ایک ہندو تہوار کے دوران اچانک بھیڑ بڑھنے سے بھگدڑ مچ گئی تھی، جس میں کم از کم 3 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔
مئی میں مغربی ریاست گوا میں ایک مشہور آگ پر چلنے کی رسم کے دوران ہزاروں لوگوں کے جمع ہونے پر 6 افراد کچل کر ہلاک ہو گئے تھے۔
جنوری میں، شمالی شہر پریاگ راج میں ہندوؤں کے عظیم میلے کمبھ میلے کے دوران علی الصبح کم از کم 30 افراد بھگدڑ میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔