دنیا

روس میں اہم سالانہ بحری پریڈ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر منسوخ کردی گئی

ہمارا بنیادی مقصد روس کی سلامتی کو یقینی بنانا اور خودمختاری اور قومی مفادات کا مضبوطی سے دفاع کرنا ہے، روسی صدر ولادیمیر پیوٹن

روس نے اعلان کیا ہے کہ اہم سالانہ بحری پریڈ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر منسوخ کر دی گئی ہے، تاہم کسی مخصوص خطرے یا خدشے کی وضاحت نہیں کی گئی۔

ڈان اخبار میں شائع غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹ کے مطابق کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے روسی خبر رساں ایجنسیوں کو بتایا کہ یہ عمومی صورتحال سے متعلق ہے، سیکیورٹی وجوہات سب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہیں۔

بحریہ کی پریڈ روس کے بحریہ کے دن کا مرکزی حصہ ہونی تھی، جو جولائی کے آخری اتوار کو منایا جاتا ہے اور ملک کے ملاحوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔

لیکن سینٹ پیٹرزبرگ کی مقامی انتظامیہ، جہاں جنگی جہازوں اور آبدوزوں کی نمائش ہونا تھی، نے پریڈ کی منسوخی کا اعلان کرتے ہوئے کوئی وجہ نہیں بتائی۔

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ کام کرنے کے ماحول میں تعطیل منا رہے ہیں۔

ایک ویڈیو پیغام میںولادیمیر پیوٹن (جنہوں نے 2017 میں بحریہ کے دن کو بحال کیا، جو سوویت دور میں تقریباً 4 دہائیاں قبل منسوخ کیا گیا تھا) نے یوکرین میں جاری جارحیت میں حصہ لینے والے روسی ملاحوں کی بہادری اور ہیروازم کو سراہا۔

انہوں نے بعد میں ’جولائی اسٹورم‘ کے نام سے ہونے والی بحری مشقوں میں شریک روسی افواج سے خطاب میں کہا کہ ہم یہ تعطیل کام کے ماحول میں منا رہے ہیں۔

ولادیمیر پیوٹن نے بتایا کہ یہ مشقیں رواں ہفتے کے آغاز میں شروع ہوئی تھیں، جن میں 150 سے زائد بحری جہاز اور 15 ہزار سے زائد فوجی شامل تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا بنیادی مقصد روس کی سلامتی کو یقینی بنانا اور خودمختاری اور قومی مفادات کا مضبوطی سے دفاع کرنا ہے۔

روس کو حالیہ مہینوں میں یوکرین کے جوابی ڈرون حملوں کا سامنا رہا ہے، روسی وزارتِ دفاع نے اتوار کو کہا تھا کہ رات بھر میں 100 یوکرینی ڈرون مار گرائے گئے۔

ان میں سے کم از کم 10 سینٹ پیٹرزبرگ کے قریب مارے گئے۔

شمال مغربی لینن گراڈ ریجن کے گورنر، الیگزینڈر ڈروزڈینکو نے ٹیلی گرام پر بتایا کہ ایک خاتون زخمی ہوئیں، اس ڈرون حملے کے باعث سینٹ پیٹرزبرگ کے پلکووو ایئرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا اور درجنوں پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔