حمل سے نہیں ہوں، عروہ حسین کی وضاحت
اداکارہ عروہ حسین نے ’بے بی بمب‘ کے ساتھ اپنی ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہونے کے بعد واضح کیا ہے کہ وہ دوسری بار حمل سے نہیں۔
عروہ حسین کی ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہوئی تھیں جن میں ان کے پیٹ کو بڑھا ہوا دیکھا گیا، سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے سوالیہ انداز میں کیپشن دیے گئے تھے کہ اداکارہ دوسری بار اُمید سے ہیں۔
اداکارہ کے دوبارہ حاملہ ہونے کی ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہوگئیں تھیں، جس پر صارفین سمیت شوبز شخصیات نے بھی انہیں مبارک باد پیش کی، جس پر اداکارہ نے مجبور ہو کر وضاحت دے دی۔
اداکارہ نے انسٹاگرام اسٹوری میں اپنی تصویر کا وائرل اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ دوسری بار اُمید سے نہیں ہیں۔
اداکارہ نے لکھا مبارک باد دینے اور دعائیں کرنے پر صارفین سمیت شوبز شخصیات کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ اُمید سے نہیں ہیں۔
عروہ حسین نے لکھا کہ ان کی نئی ویڈیوز اور تصاویر کو انتہائی مہارت سے ایڈٹ کرکے شیئر کیا گیا جب کہ تصاویر کا اینگل بھی دوسرا دکھایا گیا، جس سے ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ وہ ’بے بی بمپ‘ کے ساتھ ہیں۔
اداکارہ نے لکھا کہ دوسری بار اُمید سے ہونے کی خبریں وائرل ہونے اور مبارک باد کے پیغامات ملنے کو انہوں نے خوب انجوائے کیا جب کہ ان کے اہل خانہ سمیت قریبی رشتے دار بھی ایسی افواہوں سے محظوظ ہوتے رہے۔
خیال رہے کہ عروہ حسین کے ہاں جنوری 2024 میں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی تھی، انہوں نے دسمبر 2016 میں فرحان سعید سے شادی کی تھی اور چند سال تک ان کے درمیان اختلافات کی خبریں بھی رہی تھیں۔
دونوں کے درمیان 2023 کے اختتام تک اختلافات ختم ہونے کی خبریں سامنے آئیں اور شادی کے سات سال بعد جنوری 2024 میں دونوں پہلی بار والدین بنے۔
اپنے ہاں پہلے بچے کی پیدائش کے بعد عروہ حسین نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ان کا مزید 6 بچے پیدا کرنے کا منصوبہ ہے۔