ڈراموں کی وجہ سے شادی خطرے میں ہے، عتیقہ اوڈھو
سینئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے انکشاف کیا ہے کہ ڈراموں کی وجہ سے ان کی شادی خطرے میں ہے، شوہر کو ان سے شکایات ہیں اور ان کے درمیان کشیدگی چل رہی ہوتی ہے۔
عتیقہ اوڈھو نے حال ہی میں ’کیا ڈراما ہے‘ نامی ٹی وی شو میں مختلف ڈراموں پر تبصرے کیے اور ساتھ ہی اپنی ذاتی زندگی کے رازوں سے بھی پردہ اٹھایا۔
پروگرام کے دوران اداکارہ نے بتایا کہ ان کا پورا ہفتہ ڈرامے دیکھتے ہوئے گزرتا ہے، ان کا کام بہت مشکل ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ چونکہ انہیں پروگرام میں آکر ڈراموں پر ایمانداری سے تجزیہ اور تبصرہ کرنا ہوتا ہے، اس لیے وہ پورا ہفتہ ڈرامے دیکھتی رہتی ہیں۔
عتیقہ اوڈھو کے مطابق اگرچہ ان کا کام ڈراموں پر تبصرے کرنا ہے لیکن اچھے تبصرے کرنے کے لیے ڈرامے دیکھتی ہیں تاکہ کسی بھی اداکار، ہدایت کار و ڈرامے کی ٹیم کے کسی دوسرے رکن کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔
اداکارہ نے کہا کہ وہ ڈراموں پر تبصروں کے وقت ایمانداری سے کام لیتی ہیں، چونکہ ڈراموں سے بہت سارے لوگوں کا کیریئر جڑا ہوتا ہے، وہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں کر سکتیں۔
اسی بات پر اداکارہ نے بتایا کہ چونکہ ہر وقت ڈرامے دیکھتی رہتی ہیں تو ان کے شوہر کو ان سے شکایات ہیں اور ان کا رشتہ مشکل میں ہے۔
عتیقہ اوڈھو کے مطابق شوہر انہیں طعنے دیتے ہیں کہ وہ ہر وقت ڈرامے دیکھتی رہتی ہیں، وہ انہیں وقت نہیں دیتیں، جس وجہ سے ان کی شادی مشکل میں ہے۔
ان کی بات پر نادیہ خان نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ اپنے شوہر کو ویڈیو گیم پر لگا دیا کریں، وہ گیم کھیلتے رہیں گے، جس پر عتیقہ اوڈھو نے کہا کہ اب وہ زائد العمری میں گیم نہیں کھیل سکتے ہیں۔
ان کی بات پر نادیہ خان نے مسکراتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اپنے شوہر فیصل کو ویڈیو گیم کھیلنے پر لگا دیا ہے، وہ ہر وقت گیم کھیلتے رہتے ہیں، جس پر عتیقہ اوڈھو نے انہیں چالاک بھی قرار دیا۔
عتیقہ اوڈھو نے شوہر سے اختلافات اور شادی کی مشکل کی بات مزاحیہ انداز میں کہی، انہوں نے شوہر کو وقت نہ دینے پر شوہر کے شکوہ کا بتایا۔