شاہ رخ خان کے لیے 33 سال بعد پہلا بھارتی سرکاری فلم ایوارڈ
بولی وڈ کے بادشاہ کہلانے والے شاہ رخ خان کو ان کے 33 سالہ فلمی کیریئر میں پہلی بار بھارتی حکومت کی جانب سے سرکاری ’نیشنل فلم ایوارڈ‘ دینے کا اعلان کردیا گیا۔
شاہ رخ خان نے اگرچہ 1988 میں بھارتی سرکاری ٹیلی وژن دور درشن (ڈی ڈی) سے ڈراموں میں اداکاری سے کیریئر کا آغاز کیا تھا، تاہم ان کی پہلی فلم ’دیوانہ‘ 1992 میں ریلیز ہوئی تھی۔
شاہ رخ خان نے اپنی پہلی ہی فلم میں شائقین کے دل جیت لیے تھے اور پہلے ہی سال انہوں نے 7 فلموں میں کام کیا اور دیکھتے ہی دیکھتے بولی وڈ کے بادشاہ بن گئے۔
اپنے 33 سالہ کیریئر میں درجنوں کامیاب اور بہترین فلمیں دینے والے شاہ رخ خان نے اگرچہ متعدد نجی فلمی ایوارڈز اپنے نام کیے، تاہم انہیں کبھی بھارتی سرکاری ’نیشنل فلم ایوارڈ‘ کبھی نہیں ملا تھا۔
تاہم اب بھارتی حکومت نے ان کے 33 سالہ کیریئر کے بعد ان کے لیے پہلے نیشنل فلم ایوارڈ کا اعلان کردیا جو کہ انہیں 2023 کی فلم ’جوان‘ پر دیا گیا۔
شاہ رخان کو ’جوان‘ میں شاندار اداکاری دکھانے پر بہترین اداکار کا نیشنل ایوارڈ دیا جائے گا، ان کے ہمراہ نئے اداکار وکرانت میسی کو بھی ’بارہویں فیل‘ میں شاندار اداکاری کرنے پر بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا جائے گا۔
اداکارہ رانی مکھرجی کو بھی ’مسز چترویجی ورسز ناروے‘ میں اداکاری کرنے پر بہترین اداکارہ کا نیشنل ایوارڈ دیا جائے گا۔
بھارتی حکومت کی جانب سے کیریئر کے پہلے نیشنل ایوارڈ دیے جانے کے اعلان کے بعد شاہ رخ خان نے ویڈیو جاری کرتے ہوئے حکومت کی تعریفیں کرنے سمیت اس کا شکریہ بھی ادا کیا۔
شاہ رخ خان نے کہا کہ نیشنل ایوارڈ ان کے لیے اعزاز اور فخر کی بات ہے، ساتھ ہی انہیں ایوارڈ دینا اس بات کی گواہی ہے، ان کا کام اچھا تھا۔
انہوں نے ایوارڈ ملنے پر ’جوان‘ کی پوری فلم ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا جب کہ انہوں نے اہل خانہ کا بھی شکریہ ادا کیا۔
شاہ رخ خان کا کہنا تھا کہ نیشنل ایوارڈ کا ملنا ان کے کیریئر کا اختتام نہیں بلکہ کیریئر کو مزید بہتر انداز میں آگے بڑھانے کا موقع ہے اور وہ مداحوں کو یقین دلاتے ہیں کہ وہ پہلے سے زیادہ بہتر کام کریں گے۔
ویڈیو میں شاہ رخ خان کے بازو میں پٹی دیکھی گئی اور انہوں نے خود بھی بتایا کہ ان کا بازو ٹھیک نہیں، اس لیے وہ روایتی انداز میں اپنے بازو ہواؤں میں نہیں پھیلا سکتے۔
شاہ رخ خان نے اگرچہ بتایا کہ ان کا بازو ٹھیک نہیں، تاہم انہوں نے واضح نہیں کیا کہ انہیں کیا ہوا لیکن انہوں نے مداحوں کو بتایا کہ وہ جلد ہی اسکرین پر واپسی کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ کچھ دن قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ شاہ رخ خان فلم کی شوٹنگ کے دوران سخت زخمی ہوگئے، جس کے بعد وہ مزید علاج کے لیے امریکا روانہ ہوگئے اور اب نئی ویڈیو میں ان کے بازو پر پٹی بھی دیکھی گئی۔