لائف اسٹائل

جس انڈسٹری میں اداکاراؤں کی لاشیں مل رہی ہوں، وہاں کام نہیں کرنا، نعیمہ بٹ

کہا جا رہا ہے کہ مجھے ڈراموں میں کام نہیں مل رہا، اس لیے میں سوشل میڈیا پر ایسی ویسی ویڈیوز بناتی نظر آتی ہوں، اداکارہ

گزشتہ برس کے ڈرامے ’کبھی میں، کبھی تم‘ سے مقبولیت حاصل کرنے والی اداکارہ نعیمہ بٹ کو ان کی نئی ویڈیو پر تنقید کا سامنا ہے، جس میں وہ کہتی سنائی دیتی ہیں کہ انہیں ایسی انڈسٹری میں کام نہیں کرنا، جہاں اداکاراؤں کی لاشیں ملتی ہیں۔

نعیمہ بٹ نے حال ہی میں انسٹاگرام اسٹوری میں اپنی ایک مختصر ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے مداحوں کی جانب سے پوچھے جانے والے سوالوں اور تنقید کا منفرد انداز میں جواب دیا۔

اداکارہ نے مختصر ویڈیو میں اداکاری کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں کہا جا رہا ہے کہ انہیں ڈراموں میں کام نہیں مل رہا، اس لیے وہ سوشل میڈیا پر ایسی ویسی ویڈیوز بناتی نظر آتی ہیں۔

نعیمہ بٹ نے لوگوں کے مذکورہ بیان پر رد عمل دیتے ہوئے ایسا کہنے والوں کا مذاق بھی اڑایا۔

اداکارہ نے ویڈیو میں مزید کہا کہ جس انڈسٹری میں اداکاراؤں اور ماڈلز کی لاشیں مل رہی ہوں، انہیں ایسی انڈسٹری میں کام نہیں کرنا۔

اداکارہ نے ویڈیو میں اپنے پالتو کتے کو بھی دکھایا اور کہا کہ شوبز انڈسٹری سے تو ان کا پالتو کتا وفادار ہے۔

اداکارہ نے اگرچہ کسی کا نام نہیں لیا، تاہم ان کا اشارہ گزشتہ ماہ جولائی میں مردہ حالت میں پائی گئیں اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر اور سینئر اداکارہ عائشہ خان کی جانب تھا۔

حمیرا اصغر کی لاش 8 جولائی کو کراچی کے کرائے کے فلیٹ سے ملی تھی، ان سے قبل جون میں سینئر اداکارہ عائشہ خان بھی کراچی میں اپنے فلیٹ میں مردہ پائی گئی تھیں۔

نعیمہ بٹ ’کبھی میں، کبھی تم‘ میں فہد مصطفیٰ اور ہانیہ عامر کے ساتھ کام کرنے کے بعد اسکرین سے دور ہیں، تاہم وہ سوشل میڈیا پر مزاحیہ اور ڈانس ویڈیوز شیئر کرتی رہتی ہیں۔

نعیمہ بٹ کی جانب سے شیئر کی گئی نئی ویڈیو کو دوسرے سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے بھی شیئر کیا گیا، جہاں صارفین نے اداکارہ پر تنقید کی اور لکھا کہ اداکارہ فضول میں اپنا نام خراب کر رہی ہیں، انہیں ایسی ویڈیوز نہیں بنانی چاہئیں۔