بھارتی فوجی افسر کیخلاف سری نگر ایئرپورٹ پر عملے کو زدوکوب کرنے پر مقدمہ درج، مقامی میڈیا
بھارتی فوجی افسر کے خلاف سری نگر ایئرپورٹ پر اضافی سامان کے چارجز ادا کرنے کے مطالبے پر چار ایئرپورٹ ملازمین کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنانے کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق یہ واقعہ 26 جولائی کو پیش آیا تھا جب بھارتی فوجی افسر سری نگر سے دہلی جانے والی پرواز میں سوار ہو رہا تھا، اس نے سری نگر ایئرپورٹ پر اضافی سامان کے چارجز ادا کرنے کے مطالبے پر چار ایئرپورٹ ملازمین کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔
رپورٹ کے مطابق فوجی افسر نے ملازمین پر گھونسوں، لاتوں اور یہاں تک کہ ایک دھاتی اسٹینڈ سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں عملے کے افراد کو شدید چوٹیں آئیں۔
ٹائمز آف انڈکے مطابق ’ ایئرلائن کا کہنا ہے کہ اس کے عملے کے ارکان کو ریڑھ کی ہڈی میں فریکچر اور جبڑے پر شدید چوٹیں آئیں۔’
اخبار نے مزید بتایا کہ مسافر کے پاس موجود سامان کا وزن 16 کلوگرام تھا، جو مجاز 7 کلوگرام کی حد سے دوگنا سے بھی زیادہ تھا، جب ایئرلائن کے عملے نے اس سے اضافی سامان کی فیس ادا کرنے کو کہا تو اس نے انکار کر دیا اور زبردستی بورڈنگ کا عمل مکمل کیے بغیر ایرو برج میں داخل ہو گیا۔
ٹائمز آف انڈیا نے بھارتی ایئرلائن اسپائس جیٹ کے ترجمان کے حوالے سے کہا کہ’ اسے سی آئی ایس ایف (سینٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس) کا ایک اہلکار واپس گیٹ پر لایا، جہاں وہ مزید جارحانہ ہو گیا اور اسپائس جیٹ کے چار گراؤنڈ اسٹاف ارکان پر حملہ کر دیا۔’
ترجمان نے بتایا کہ’ اسپائس جیٹ کا ایک ملازم بے ہوش ہو کر زمین پر گر گیا، لیکن مسافر فوجی افسر نے اس بے ہوش ملازم کو لاتیں اور گھونسے مارنے کا سلسلہ جاری رکھا۔’
ترجمان نے مزید بتایا کہ’ جب ایک اور ملازم اپنے بے ہوش ساتھی کی مدد کے لیے جھکا تو مسافر نے اسے جبڑے پر زور دار لات ماری، جس سے اس کی ناک اور منہ سے خون بہنے لگا۔’
ترجمان کے مطابق، زخمی عملے کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
ٹائمز آف انڈیا نے بھارتی فوج کے بیان کے حوالے سے کہا،’ 26 جولائی کو سری نگر ایئرپورٹ پر فوجی اہلکار اور ایئرلائن اسٹاف کے درمیان پیش آنے والے واقعے کا بھارتی فوج نے نوٹس لیا ہے۔’
بیان میں مزید کہا گیا کہ’ بھارتی فوج نظم و ضبط اور اعلیٰ اخلاقی معیاروں کی پابند ہے اور تمام الزامات کو سنجیدگی سے لیتی ہے، تحقیقات میں متعلقہ حکام سے مکمل تعاون کیا جا رہا ہے۔’
دوسری جانب، اسپائس جیٹ نے مقامی پولیس کے پاس واقعے کی ایف آئی آر درج کروا دی ہے اور اس مسافر کو نو فلائی لسٹ میں شامل کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ’ اسپائس جیٹ نے وزارت ہوا بازی کو اپنے عملے پر کیے گئے جان لیوا حملے سے آگاہ کیا ہے اور مسافر کے خلاف مناسب کارروائی کی درخواست کی ہے۔؛’
ایئرلائن نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرکے پولیس کے حوالے کر دی ہے۔
بھارتی اخبار دی ہندو کے مطابق، جس فوجی افسر کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے، وہ ایک لیفٹیننٹ کرنل ہے، اور اس کے خلاف بڈگام پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔