لائف اسٹائل

تمنا بھاٹیا کا تھوک سے کیل مہاسوں کو ختم کرنے کا دعویٰ

اداکارہ کی ویڈیو پر تبصرہ کرنے والی خواتین نے تمنا بھاٹیا کی بات سے اتفاق کیا اوراس بات کی تصدیق کی کہ یہ طریقہ واقعی مؤثر ہے۔

’آج کی رات مزہ حسن کا لیجیے‘ گانے میں پرفارمنس کرکے لوگوں کے دل چرانے والی اداکارہ تمنا بھاٹیا نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنی تھوک سے کیل مہاسوں کا علاج کرتی ہیں اور وہ متعدد بار مذکورہ طریقے کو آزما چکی ہیں۔

تمنا بھاٹیا نے حال ہی میں بھارتی ٹی وی شو میں اپنی خوبصورتی کے رازوں سے بھی پردہ اٹھایا اور بتایا کہ وہ کس طرح اپنی جلد اور فٹنیس کا خیال رکھتی ہیں۔

اداکارہ نے انٹرویو کے دوران دلکش اور جاذب نظر آنے کے لیے اپنی روٹین بھی بتائی اور ساتھ ہی خواتین کو مشورہ دیا کہ 25 سال کی عمر کے بعد خواتین کو ایسی روٹینز کا انتخاب کرنا چاہیے، جس سے وہ ہر وقت جاذب نظر آنے لگیں۔

اداکارہ نے اعتراف کیا کہ انہوں نے 25 سال کی عمر کے بعد ہی اپنی خوبصورتی اور فٹنیس پر توجہ دی اور ایسی روٹینز کو معمول بنایا، جس سے وہ جاذب نظر دکھیں۔

’ملکی بیوٹی‘ کے نام سے مشہور اداکارہ نے بتایا کہ وہ چہرے پر کیل مہاسوں سے بچاؤ کے لیے نہایت انوکھا طریقہ اپناتی ہیں، وہ صبح جاگنے کے فوراً بعد اپنا تھوک چہرے پر لگاتی ہیں۔

اداکارہ کے مطابق اگرچہ وہ ڈاکٹر نہیں ہیں لیکن انہیں یہ سائنس معلوم ہے کہ پوری رات نیند کرنے کے بعد صبح سویرے برش کرنے سے قبل والا تھوک فائدہ مند ہوتا ہے۔

تمنا بھاٹیا کا کہنا تھا کہ رات بھر آرام کرنے کے بعد بہت سارے بیکٹیریاز منہ میں جمع ہوجاتے ہیں جو صبح میں تھوک میں شامل ہوجاتے ہیں، اس لیے برش کرنے سے قبل والی تھوک کو کیل مہاسوں پر لگانے سے فائدہ ہوتا ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ اُن کا ماننا ہے کہ دانت برش کرنے سے پہلے کا تھوک جلد کے لیے فائدہ مند ہوتا ہے، خاص طور پر چہرے پر نکلنے والے کیل مہاسوں سے بچانے میں وہ مددگار ہوتا ہے۔

اداکارہ کے مذکورہ انکشاف پر انٹرویو حال میں موجود لڑکیوں نے حیرت کا اظہار بھی کیا جب کہ میزبان بھی دنگ رہ گئے۔

اداکارہ کی جانب سے کیل مہاسوں کا خاتمہ اپنی تھوک سے کرنے کے دعوے کی ویڈیو وائرل ہوگئی اور صارفین نے اس پر دلچسپ تبصرے بھی کیے۔

اداکارہ کی ویڈیو پر تبصرہ کرنے والی خواتین نے تمنا بھاٹیا کی بات سے اتفاق کیا اوراس بات کی تصدیق کی کہ یہ طریقہ واقعی مؤثر ہے۔