کمسن بچے ’آج کی رات مزہ حسن کا لیجیے‘ سن کر کھانا کھاتے ہیں، تمنا بھاٹیا
بولی وڈ کی ’ملکی بیوٹی‘ کہلانے والی اداکارہ تمنا بھاٹیا نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں متعدد خواتین نے بتایا کہ ان کے کم سن بیٹے اداکارہ کا آئٹم سانگ ’آج کی رات مزہ حسن کا آنکھوں سے لیجیے‘ سن کر کھانا کھاتے ہیں۔
تمنا بھاٹیا حال ہی میں ایک ٹی وی شو میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے کیریئر سمیت اپنی خوبصورتی اور خود سے متعلق پھیلنے والی افواہوں پر بھی کھل کر بات کی۔
اداکارہ نے ٹی وی شو میں پاکستانی کرکٹر عبد الرزاق سے شادی کی افواہوں پر بھی بات کی اور یہ بھی بتایا کہ وہ کیل مہاسوں کو اپنی تھوک سے ٹھیک کرتی ہیں۔
اسی پروگرام میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ انہیں اس وقت بہت خوشی ہوتی ہے جب مداح انہیں پہچان کر ان کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز بنواتے ہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ایک بار ان کے چہرے پر کیل مہاسے دیکھ کر ایک مداح نے ان سے پوچھا کہ آپ لوگوں کو بھی چہرے پر دانے نکلتے ہیں؟
تمنا بھاٹیا کا کہنا تھا کہ وہ ان دنوں جنوبی بھارت میں بولی جانے والی متعدد زبانیں سیکھ رہی ہیں جب کہ انہیں ہندی کے بجائے تامل اور تیلگو فلموں میں زیادہ پسند کیا گیا۔
اداکارہ نے اسی پروگرام میں بتایا کہ ان کا گانا ’آج کی رات مزہ حسن کا لیجیے‘ بہت مقبول ہوا اور دنیا بھر میں اسے سنا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ مذکورہ گانے میں ان کے لباس سمیت ان کے انداز اور ڈانس کو کافی سراہا گیا، ہر کسی نے انہیں پسند کیا۔
تمنا بھاٹیا نے دعویٰ کیا کہ بھارت میں بہت سارے کمسن بچے ان کا گانا ’آج کی رات مزہ حسن کا لیجیے‘ سن کر کھانا کھاتے ہیں۔
اداکارہ کے مطابق انہیں متعدد خواتین نے بتایا کہ ان کے بچے ڈائپر پہنتے ہیں لیکن جب وہ ان کا گانا ’آج کی رات مزہ حسن کا لیجیے‘ چلاتی ہیں تو ان کے بچے خوشی خوشی سے کھانا کھا جاتے ہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان سمیت بچوں کی ماؤں کے لیے اس سے زیادہ خوشی کی اور کوئی بات نہیں کہ ان کے گانے کو سن کر کمسن بچے کھانا کھانے لگے ہیں۔
تمنا بھاٹیا نے ہنستے ہوئے کہا کہ کمسن بچوں کو گانے کی شاعری سمجھ نہیں آتی لیکن وہ موسیقی اور ان کا ڈانس دیکھ کر کھانا کھاجاتے ہیں۔
خیال رہے کہ ’آج کی رات مزہ حسن کا آنکھوں سے لیجیے‘ گانا اکتوبر 2024 میں ریلیز کیا گیا تھا، اس میں تمنا بھاٹیا نے پرفارمنس کی تھی۔
گانے کو یوٹیوب پر 74 کروڑ بار تک دیکھا جا چکا ہے، مذکورہ گانا پاکستانی گانوں کی کاپی ہے لیکن اس میں تمنا بھاٹیا کی پرفارمنس کو خوب سراہا گیا۔