لائف اسٹائل

آئمہ بیگ کے شوہر زین احمد کون ہیں؟

آئمہ بیگ سے زین احمد کی شادی کے بعد ان کا نام پاکستانی سوشل میڈیا پر ٹرینڈ بھی کرنے لگا اور صارفین ان سے متعلق دعوے کرنے لگے۔

گلوکارہ آئمہ بیگ نے 6 اگست کو انسٹاگرام پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے اپنی شادی کی تصدیق کی تھی اور بتایا تھا کہ انہوں نے اپنے دوست زین احمد سے شادی کرلی۔

آئمہ بیگ اور زین احمد کے درمیان گزشتہ ایک سال سے تعلقات کی چہ مگوئیاں تھیں اور گلوکارہ ان کے ساتھ دکھائی بھی دیں۔

شادی سے قبل اگرچہ آئمہ بیگ اور زین احمد کی تصاویر وائرل ہوئی تھیں، تاہم اس وقت گلوکارہ نے اپنے تعلقات کے حوالے سے کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی تھی۔

آئمہ بیگ کی جانب سے شادی کی تصدیق کے بعد زیادہ تر افراد ان کے شوہر سے متعلق انٹرنیٹ پر معلومات تلاش کرنے لگے اور صارفین یہ جان کر دنگ رہے گئے کہ گلوکارہ کے شوہر معروف فیشن ڈیزائنر اور اسٹریٹ فیشن کلاتھنگ برانڈ کے مالک ہیں۔

زین احمد ماضی میں معروف امریکی جریدے ’فوربز‘ کی ’30 انڈر 30‘ کی فہرست میں بھی شامل ہو چکے ہیں اور ان کی کامیابیوں کا اعتراف کیا جا چکا ہے۔

زین احمد نے 2018 میں معروف فیشن برانڈ ’راستہ‘ کو متعارف کرایا، جو اچھوتے ڈیزائن کے لباس تیار کرنے کی وجہ سے منفرد اہمیت رکھتا ہے۔

’راستہ‘ کے تیار کردہ کپڑوں کو دنیا کے معروف اداکار، گلوکار، ماڈلز و شوبز شخصیات پہن چکی ہیں۔

زین احمد کے ادارے کے لباس کو جسٹن بیبر، رز احمد،ٹموتھی چالمیٹ، کرن جوہر، انیل کپور اور فرینچ مونٹانا سمیت دیگر شخصیات بھی پہن چکی ہیں۔

حال ہی میں ریلیز ہونے والی ہانیہ عامر کی پنجابی فلم ’سردار جی تھری‘ کے ہیرو دلجیت دوسانجھ نے بھی فلم میں ان کے برانڈ کی تیار کردہ منفرد پینٹ پہنی تھی۔

زین احمد کی پیدائش لاہور میں ہوئی اور ان کے آباؤ و اجداد کا تعلق بھی وہیں سے ہے لیکن انہوں نے زندگی کا زیادہ تر حصہ بیرون ممالک گزارا۔

زین احمد نے زندگی کا زیادہ تر حصہ برطانیہ، فرانس اور کینیڈا میں گزارا، انہوں نے وہیں تعلیم حاصل کی اور وہیں رہ کر پاکستانی کلاتھنگ برانڈ متعارف کرایا۔

آئمہ بیگ سے زین احمد کی شادی کے بعد ان کا نام پاکستانی سوشل میڈیا پر ٹرینڈ بھی کرنے لگا اور صارفین نے ان کے آباؤ و اجداد سے متعلق کئی دعوے کیے، جن کی تصدیق نہیں ہو سکی۔

آئمہ بیگ نے بھی شوہر کے حوالے سے زیادہ معلومات فراہم نہیں کی، تاہم انہوں نے انہیں اپنا دوست قرار دیا تھا۔