لائف اسٹائل

شائستہ لودھی کے چہرے میں تبدیلیاں، سرجری کرانے کا الزام

شائستہ لودھی خود بھی ’ایستھیٹکس‘ (Aesthetics) ڈاکٹر ہیں جو خوبصورتی بڑھانے کے لیے مختلف طرح کی سروسز فراہم کرنے میں مہارت رکھتی ہیں۔

اداکارہ اور ٹی وی میزبان شائستہ لودھی کی نئی تصاویر وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے ان پر چہرے کی سرجری کرانے کا الزام عائد کردیا۔

شائستہ لودھی خود بھی ’ایستھیٹکس‘ (Aesthetics) ڈاکٹر ہیں جو خوبصورتی بڑھانے کے لیے مختلف طرح کی سروسز فراہم کرنے میں مہارت رکھتی ہیں۔

سابق ٹی وی میزبان اپنا ’ایستھیٹکس‘ کلینک بھی چلاتی ہیں اور حال ہی میں انہوں نے کراچی کے بعد ملک کے دیگر شہروں میں بھی اپنی سروسز کی فراہمی شروع کی تھی۔

شائستہ لودھی ماضی میں انٹرویوز میں بتا چکی ہیں کہ ان کے پاس مرد اور خواتین خوبصورتی بڑھانے کے پراسیجرز کروانے آتی ہیں اور بعض خواتین انتہائی عجیب فرمائشیں کرتی ہیں کہ اگر ان کی رنگت سیاہ ہے تو اسے گورا کردیا جائے۔

اب ان کی خود کی تصاویر وائرل ہونے کے بعد ان پر بھی میک اپ پراسیجرز اور سرجریز کروانے کا الزام لگایا جا رہا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین نے شائستہ لودھی کی نئی تصاویر دیکھ کر جہاں حیرانگی کا اظہار کیا، وہیں انہوں نے یہ بھی نوٹ کیا کہ انہوں نے اپنے چہرے میں متعدد تبدیلیاں کروائی ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین نے دعویٰ کیا کہ شائستہ لودھی نے نہ صرف اپنے ہونٹوں کو بڑا کروایا ہے بلکہ انہوں نے گالوں میں اور ناک کے ارد گرد بھی تبدیلیاں کروائی ہیں۔

کچھ خواتین صارفین نے ان کے پراسیجرز غلط ہونے کی نشاندہی بھی کی لیکن ساتھ ہی بعض صارفین نے شائستہ لودھی کی خوبصورتی کی تعریفیں کیں اور لکھا کہ اب وہ پہلے سے زیادہ خوبصورت نظر آ رہی ہیں۔

زیادہ تر سوشل میڈیا صارفین نے شائستہ لودھی کی خوبصورتی کی تعریفیں کیں۔

خود پر میک اپ پراسیجر اور سرجری کروانے کے الزامات کے بعد شائستہ لودھی نے کوئی وضاحت نہیں کی، تاہم ان کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔