بڑی بیوی نے ہمیشہ بچے کی طرح ہی سمجھا، اقرارالحسن
اپنی تین شادیوں کی وجہ سے خبروں میں رہنے والے ٹی وی میزبان اقرار الحسن نے پہلی بار اپنی تینوں بیویوں کی خوبیوں اور خرابیوں سے متعلق بات کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انہیں پہلی بیوی نے ہمیشہ ایک بچے کی طرح ہی سمجھا۔
اقرار الحسن اپنی تین شادیوں کی وجہ سے ہر وقت خبروں میں رہتے ہیں، وہ پہلے بھی اپنی بیویوں سے متعلق گفتگو کرتے رہے ہیں۔
اقرا الحسن نے پہلی شادی سابق نیوز کاسٹر قرت العین سے 2010 سے قبل کی تھی، جن سے انہیں ایک بیٹا بھی ہے۔
ٹی وی میزبان نے دوسری شادی نیوز کاسٹر فرح سے کی اور ان سے شادی کو بھی ایک دہائی سے زائد عرصہ گزر چکا ہے۔
اقرار الحسن نے تیسری شادی تقریبا دو سال قبل صحافی عروسہ خان سے کی، انہوں نے بعد میں کی جانے والی اپنی دونوں شادیوں کو کچھ عرصے تک خفیہ بھی رکھا۔
مئی 2024 میں انہوں نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ ان کی تینوں بیویاں ایک ساتھ نہیں رہتیں، تاہم تینوں کے آپس میں اچھے تعلقات ہیں۔
اب انہوں نے ایک تازہ انٹرویو میں پہلی بار بیویوں کو اچھائیوں اور خرابیوں سے متعلق بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پہلی بیوی نے انہیں ہمیشہ بچے کی طرح ہی سمجھا۔
ٹی وی میزبان نے پوڈکاسٹ میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ بطور گھر کے سربراہ ان کی ہمیشہ کوشش رہتی ہے کہ وہ تمام افراد کو یکساں حقوق اور چیزیں فراہم کریں، یہ سوال بے وقوفانہ ہوتا ہے کہ اگر کسی ایک کا انتخاب کرنا ہو تو کس کا کیا جائے گا؟
ٹی وی میزبان نے بتایا کہ ان کی بڑی بیوی قرت العین اور تیسری بیوی عروسہ خان ایک ہی گھر میں رہتی ہیں جب کہ فرح الگ گھر میں رہتی ہیں۔
ان کے مطابق فرح تنہائی پسند ہیں، ان کا مزاج باقی دونوں بیویوں سے مختلف ہے لیکن تینوں کے آپس میں بہترین تعلقات ہیں۔
اقرار الحسن نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ان کی تمام بیویوں کی تمام باتیں اچھی ہیں، کسی میں کوئی برائی نہیں۔
پہلی بیوی قرت العین کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ٹی وی میزبان کا کہنا تھا کہ وہ انتہائی اچھی خاتون ہیں، ان کی تمام باتیں اور عادتیں بہترین ہیں، ان میں کوئی برائی نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ایک روز قبل ہی انہوں نے اپنی تیسری بیوی عروسہ خان کے ساتھ اپنی پہلی بیوی قرت العین کی تعریف کی تھی اور ساتھ ہی کہا کہ وہ تمام بیویوں کے سامنے دوسری بیوی کی تعریف کرتے رہتے ہیں۔
میزبان کے اصرار پر اقرار الحسن نے بتایا کہ پہلی بیوی قرت العین نے انہیں ہمیشہ بچے کی طرح ہی دیکھا۔
انہوں نے کہا کہ ان کی پہلی بیوی بہت ہی بے نیاز ہیں، انہوں نے ان کی ہر ضد اور بات مانی، انہیں کبھی روکا نہیں۔
جب میزبان نے کہا کہ جو عورت اپنے شوہر سے زیادہ محبت کرتی ہے وہ ماں کی طرح ہی خیال رکھتی ہے، جس پر اقرار الحسن نے اعتراف کیا اور کہا کہ ایسا ہی ہے۔