کسی کو حق نہیں کہ وہ اداکاروں کے لیے نامناسب زبان استعمال کرے، طوبیٰ انور
اداکارہ طوبیٰ انور نے کہا ہے کہ کسی بھی سوشل میڈیا صارف اور مداح کو یہ حق نہیں پہنچتا کہ وہ کسی بھی اداکار کے لیے سوشل میڈیا پر نامناسب زبان استعمال کرے یا اسے جسمانی طنز کا نشانہ بنائے۔
طوبیٰ انور نے حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں سوشل میڈیا پر کی جانے والی تنقید اور صارفین کے تبصروں پر بات کی اور اعتراف کیا کہ انہیں خود سے متعلق منفی تبصرے پڑھ کر تکلیف ہوتی ہے۔
اداکارہ نے ’جیو ٹی وی‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اداکاروں کے فالوورز لاکھوں میں ہوتے ہیں اور بے شمارسوشل میڈیا صارفین ان کی تصاویر اور ویڈیوز پر تبصرے کرتے ہیں، جن میں سے بعض کمنٹس انتہائی سخت ہوتے ہیں۔
اداکارہ کے مطابق بعض اوقات سوشل میڈیا پر لوگ اداکاروں کے حوالے سے ایسے الفاظ اور جملے لکھ دیتے ہیں، جنہیں پڑھنا بہت مشکل ہوتا ہے، ایسے نامناسب جملوں سے اداکاروں کی ذہنی صحت متاثر ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی کو حق نہیں پہنچتا کہ کوئی بھی آکر اداکاروں کی ذاتی زندگی سمیت ان کی جسامت پر تبصرے کرے۔
طوبیٰ انور کے مطابق اداکار عوامی شخصیت ضرور ہوتے ہیں لیکن وہ عوامی ملکیت نہیں، لوگوں کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہونا چاہیے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سوشل میڈیا پر منفی تبصروں سے ہر کسی کو تکلیف ہوتی ہے، یہ کہنا غلط ہے کہ برے تبصروں سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔
اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ وہ اپنے حوالے سے استعمال کی جانے والی نامناسب زبان نہیں پڑھ پاتیں، انہیں پریشانی ہوجاتی ہے، انہیں تکلیف ہوتی ہے۔
طوبیٰ انور کے مطابق اگر اداکار کسی نامناسب تبصرے پر جواب دیتے ہیں تو بھی انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور ان پر الزام لگایا جاتا ہے کہ وہ مداحوں کے ساتھ بدتمیزی کر رہے ہیں۔