لائف اسٹائل

ساحر لودھی کا صرف دو گھنٹے نیند کا دعویٰ

طبی ماہرین کے مطابق 18 سال سے زائد العمر بالغ افراد کو یومیہ کم سے کم سات گھنٹے نیند کی ضرورت ہوتی ہے اور مسلسل اس سے کم دورانیے کی نیند سے سنگین طبی مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔

اداکار و ٹی وی میزبان ساحر لودھی نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ چوبیس گھنٹوں میں سے صرف دو گھنٹے سوتے ہیں اور انہیں اتنی ہی نیند کی ضرورت ہوتی ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق 18 سال سے زائد العمر بالغ افراد کو یومیہ کم سے کم سات گھنٹے نیند کی ضرورت ہوتی ہے اور مسلسل اس سے کم دورانیے کی نیند سے سنگین طبی مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق مسلسل کم نیند سے بلڈ پریشر، فالج، شوگر، امراض قلب سمیت دیگر سنگین بیماریاں لاحق ہوسکتی ہیں۔

لیکن اب ساحر لودھی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ مسلسل کام کی لگن کی وجہ سے صرف دو گھنٹے سوتے ہیں اور انہیں اتنی ہی نیند کی ضرورت ہوتی ہے۔

ساحر لودھی نے حال ہی میں ’جیو پوڈکاسٹ‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔

انہوں نے اپنا موازنہ شاہ رخ خان سے کرنے اور اس حوالے سے کی جانے والی تنقید پر بھی بات کی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ انہیں معلوم نہیں کہ کام کے دوران کون ان کی ویڈیوز بناکر وائرل کردیتا ہے۔

ساحر لودھی کا کہنا تھا کہ ایک ایسے بہترین منصوبے پر کام کر رہے ہیں جو ملک میں معاشی بہتری لائے گا، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور شخصی خود مختاری کو فروغ ملے گا۔

انہوں نے بتایا کہ مذکورہ منصوبہ ابھی زیر تکمیل ہے، وہ ان پر کام کر رہے ہیں لیکن جب منصوبہ مکمل ہوجائے گا اس سے بہت سارے لوگوں کو فائدہ ہوگا۔

ساحر لودھی نے منصوبے کی تفصیلات بتانے سے گریز کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اس لیے مذکورہ منصوبے پر کام کر رہے ہیں، کیوں کہ وہ اس پر کئی سال سے کام کرنا چاہتے تھے۔

ٹی وی میزبان نے بتایا کہ منصوبے میں کام کرنے کی وجہ سے ہی وہ چوبیس گھنٹوں میں صرف دو گھنٹے سوتے ہیں اور یہ انہیں نیند کی اتنی ہی ضرورت ہوتی ہے۔

ان کے مطابق وہ صبح 6 بجے جاگتے ہیں اور 8 بجے تک گھر سے نکل جاتے ہیں، جس کے بعد ورزش کے لیے جم جاتے ہیں، جس کے بعد ان کی اپنی سرگرمیاں شروع ہوجاتی ہیں۔

ساحر لودھی کی جانب سے چوبیس گھنٹوں میں محض دو گھنٹے نیند کرنے کے حیران کن دعوے نے سوشل میڈیا کو بھی پریشان کردیا اور صارفین نے ان کے دعوے کے مذاق اڑائے۔