دنیا

نیویارک کے ٹائمز اسکوائر پر فائرنگ، 3 افراد زخمی

زخمیوں میں ایک خاتون اور 2 مرد شامل، حملے کے مقام سے 17 سالہ نوجوان کو حراست میں لےکر اسلحہ برآمد کر لیا گیا، نیو یارک پولیس

نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ (این وائی پی ڈی) نے کہا ہے کہ ٹائمز اسکوائر میں فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہو گئے۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق ترجمان نیو یارک پولیس ڈیپارٹمنٹ نے بتایا کہ زخمیوں میں 18 سالہ خاتون، 19 سالہ مرد اور 65 سالہ مرد شامل ہیں، تینوں زخمی ہسپتال میں زیر علاج اور ان کی حالت بہتر ہے۔

ترجمان نیو یارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے مطابق حملے کے مقام سے 17 سالہ نوجوان کو حراست میں لےکر اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔

این وائی پی ڈی نے مزید بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ رات گئے معمولی جھگڑے کے بعد پیش آیا، تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ آیا حملہ آور اور متاثرین ایک دوسرے کو جانتے تھے یا نہیں۔

امریکا میں فائرنگ کے واقعات نسبتاً عام ہیں کیونکہ وہاں اسلحہ آسانی سے دستیاب ہے۔

یہ واقعہ نیویارک کے سب سے مشہور سیاحتی مقامات میں سے ایک پر پیش آیا اور یہ جولائی میں مین ہٹن کے ایک دفتر میں ہونے والی ہائی پروفائل فائرنگ کے بعد پیش آیا، واقعے میں بلیک اسٹون کمپنی کے اعلیٰ عہدیدار اور این وائی پی ڈی کے افسر سمیت 4 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔