دنیا

کمبوڈیا کے قریب بارودی سرنگ کا دھماکا، 3 تھائی فوجی زخمی

یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب گشت میں مصروف ایک فوجی نے غلطی سے بارودی سرنگ پر پاؤں رکھ دیا تھا، جس سے ایک فوجی کا پاؤں ضائع ہوگیا، تھائی فوج

تھائی فوج نے کہا ہے کہ کمبوڈیا کے قریب سرحدی علاقے میں گشت کے دوران بارودی سرنگ کے دھماکے میں 3 فوجی زخمی ہوگئے۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان گزشتہ ماہ 5 روزہ خونریز جھڑپ کے بعد طے پانے والی جنگ بندی کے چند روز بعد پیش آیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ دھماکا تھائی لینڈ کے صوبہ سی ساکیت اور کمبوڈیا کے صوبہ پریہ ویہیئر کے درمیانی علاقے میں اُس وقت پیش آیا، جب گشت میں مصروف ایک فوجی نے غلطی سے بارودی سرنگ پر پاؤں رکھ دیا تھا، جس سے ایک فوجی کا پاؤں ضائع اور دیگر 2 زخمی ہوئے،تینوں زخمی فوجیوں کا ہسپتال میں علاج جاری ہے۔

تھائی لینڈ کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ اُس کی حدود میں اور ایسے علاقے میں پیش آیا جو حال ہی میں بارودی سرنگوں سے صاف کیا گیا تھا، وزارتِ خارجہ کے بیان کے مطابق تھائی لینڈ اس معاملے پر کمبوڈیا کے خلاف بارودی سرنگوں کے استعمال پر پابندی لگانے والے معاہدے کی خلاف ورزی اور تھائی خودمختاری کی پامالی کا الزام کے تحت شکایت درج کروائے گا۔

خیال رہے کہ تھائی لینڈ اور کمبوڈیا دونوں، بارودی سرنگوں کے خلاف اوٹاوا کنونشن کے دستخط کنندہ ممالک ہیں۔

کمبوڈیا کی وزارتِ دفاع نے کہا کہ اسے ابھی تک سرحدی افواج سے دھماکے کے بارے میں واضح تصدیق موصول نہیں ہوئی، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ہم جنگ بندی پر سختی سے احترام کر رہے ہیں۔

یہ چند ہفتوں میں تیسرا واقعہ ہے جس میں تھائی فوجی سرحد کے ساتھ گشت کرتے ہوئے بارودی سرنگوں سے زخمی ہوئے، پچھلے 2 واقعات کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات میں کمی اور 5 روزہ شدید جھڑپیں شروع ہوئی تھیں۔

جنوب مشرقی ایشیا کے ان دونوں ہمسایہ ممالک نے 24 سے 28 جولائی تک خون ریز سرحدی جھڑپوں میں ایک دوسرے کا مقابلہ کیا، یہ ایک دہائی سے زائد عرصے میں دونوں کے درمیان سب سے بدترین لڑائی تھی۔

بھاری گولہ باری اور لڑاکا طیاروں کے حملوں کے نتیجے میں کم از کم 43 افراد ہلاک اور دونوں جانب 3 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو گئے تھے۔

7 اگست کو طے پانے والے معاہدے کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان ’کمزور جنگ بندی‘ قائم ہے، جس کے تحت تھائی لینڈ اور کمبوڈیا نے آسیان (جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم) کے مبصرین کو متنازعہ سرحدی علاقوں کا معائنہ کرنے کی اجازت دی ہے تاکہ مزید کشیدگی کو بڑھاوا نہ مل سکے۔

اس سے قبل بینکاک نے کمبوڈیا پر الزام لگایا تھا کہ اُس نے متنازع سرحد کے تھائی حصے میں بارودی سرنگیں نصب کی ہیں، جن سے 16 اور 23 جولائی کو فوجی زخمی ہوئے۔

تاہم، پنوم پنہ نے کسی نئی بارودی سرنگ نصب کرنے کی تردید کی اور کہا کہ فوجی طے شدہ راستوں سے ہٹ گئے تھے اور عشروں پر محیط جنگ کے دوران نصب پرانی سرنگوں سے ٹکرائے۔