امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس اقوام متحدہ میں امریکا کی نائب نمائندہ نامزد
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس کو اقوام متحدہ میں امریکا کی نائب نمائندہ نامزد کر نے کا اعلان کر دیا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق ٹیمی بروس جنوری میں ٹرمپ کے عہدہ سنبھالنے کے بعد سے محکمہ خارجہ کی ترجمان کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔
سوشل میڈیا پر کی گئی ایک پوسٹ میں ٹرمپ نے ان کی نامزدگی کا اعلان کیا، امریکی صدر نے کہا کہ انہوں نے محکمہ خارجہ کی ترجمان کے طور پر ’شاندار کام‘ کیا ہے، بروس کو اس عہدے کے لیے امریکی سینیٹ سے توثیق درکار ہوگی، جہاں ٹرمپ کی ریپبلکن پارٹی کو اکثریت حاصل ہے۔
پریس بریفنگز کے دوران، انہوں نے ٹرمپ انتظامیہ کی خارجہ پالیسی کے فیصلوں کا دفاع کیا ہے، جن میں امیگریشن کریک ڈاؤن اور ویزا منسوخیاں، روس-یوکرین جنگ پر امریکی ردعمل، اور اسرائیل کی جانب سے غزہ میں فوجی کارروائی شامل ہیں، جس میں فلسطینی علاقے میں ایک نجی مسلح امدادی آپریشن بھی شامل تھا، جس کی وسیع پیمانے پر مذمت کی گئی۔
انہوں نے ’Fear Itself: Exposing the Left‘s Mind-Killing Agenda’ جیسی کتابیں بھی تحریر کی ہیں، جن میں لبرل اور بائیں بازو کے نظریات پر تنقید کی گئی ہے۔
ٹرمپ کے اعلان کے بعد ایک پوسٹ میں ٹیمی بروس نے ان کا شکریہ ادا کیا اور اشارہ دیا کہ یہ ذمہ داری سنبھالنے میں ’چند ہفتے‘ باقی ہیں، ٹرمپ نہ ہی بروس نے آن لائن پوسٹس میں درست وقت کا ذکر کیا۔
بروس نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ اب میں خوش نصیب ہوں کہ آنے والے چند ہفتوں میں امریکا فرسٹ قیادت اور اقدار کو عالمی سطح پر فروغ دینے کا اپنا عزم اس نئے عہدے میں جاری رکھوں گی۔
ٹرمپ نے قومی سلامتی کے سابق مشیر مائیک والٹز کو اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نامزد کیا ہے، اس عہدے کے لیے والٹز کی سینیٹ سے توثیق ابھی باقی ہے، جہاں وہ بروس کے سربراہ ہوں گے۔
والٹز یکم مئی کو برطرف ہونے تک ٹرمپ کے قومی سلامتی کے مشیر تھے، انہیں مارچ میں یمن میں فوجی حملوں سے متعلق ٹرمپ کے اعلیٰ قومی سلامتی مشیروں کے درمیان ہونے والی ایک سگنل چیٹ کے اسکینڈل میں ملوث پائے جانے کے بعد عہدے سے ہٹایا گیا تھا، اس کے بعد ٹرمپ نے انہیں اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نامزد کر دیا۔
ڈوروتھی شیع، جو 2024 میں اقوام متحدہ میں امریکا کی نائب سفیر کے طور پر خدمات انجام دے رہی تھیں، اس وقت قائم مقام امریکی سفیر ہیں۔