عراق میں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ سے کلورین کا اخراج، 600 سے زائد زائرین کی حالت غیر
عراق میں واٹر ٹریٹمنٹ اسٹیشن سے کلورین گیس کے اخراج کے باعث سانس لینے میں تکلیف پر 600 سے زائد زائرین کی حالت غیر ہوگئی جنہیں مختصر وقت کے لیے ہسپتال منتقل کرنا پڑا، عراقی حکام کے مطابق یہ واقعہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب وسطی اور جنوبی عراق میں نجف اور کربلا کے درمیانی راستے پر پیش آیا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اس سال توقع ہے کہ کئی ملین اہل تشیع زائرین کربلا کا رخ کریں گے، جہاں امام حسینؓ اور ان کے بھائی حضرت عباسؓ کے مزارات واقع ہیں، وہاں زائرین اربعین منائیں گے، جو 40 روزہ سوگ کی وہ مدت ہے جس میں حضرت محمدﷺ کے نواسے امام حسینؓ کی شہادت کی یاد منائی جاتی ہے۔
عراق کی وزارت صحت نے اپنے مختصر بیان میں کہا کہ ’کلورین گیس کے اخراج کے بعد دم گھٹنے کے 621 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں‘۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ ’تمام مریضوں کو ضروری طبی امداد فراہم کر دی گئی اور وہ صحت یاب ہو کر ہسپتال سے جا چکے ہیں‘۔
زائرین کی حفاظت پر مامور سiکیورٹی فورسز نے بتایا کہ یہ واقعہ کربلا-نجف روڈ پر واقع ایک واٹر اسٹیشن سے کلورین کے اخراج کے باعث پیش آیا۔
عراق کا زیادہ تر بنیادی ڈھانچہ عشروں کے تنازعات اور بدعنوانی کے باعث خستہ حال ہے اور حفاظتی معیار کی پابندی اکثر کمزور رہتی ہے, جولائی میں مشرقی شہر کوت کے ایک شاپنگ مال میں بڑے پیمانے پر لگنے والی آگ میں 60 سے زائد افراد جاں بحق ہو گئے تھے، جن میں سے اکثر کی موت بیت الخلا میں دم گھٹنے سے ہوئی تھی۔