ہلکی سی روشنی بھی آنکھوں میں چبھتی ہے، فیروز خان کا آنکھوں کے متاثر ہونے کا انکشاف
اداکار فیروز خان نے اپنی آنکھوں میں بڑھتی ہوئی حساسیت اور جلن کے بارے میں انکشاف کیا ہے، جو جعلی آنسو بنانے کے لیے وِکس کے استعمال کی وجہ سے ہوئی ہے۔
وِکس دنیا بھر میں کھانسی اور بند ناک کو ٹھیک کرنے کے لیے لگائی جانے والی کریم ہے، جس میں خوشبو دار ٹھنڈک ہوتی ہے، لیکن اگر اس کی بھاپ یا یہ کریم آنکھوں کے بہت قریب لگائی جائے تو آنکھوں میں بہت زیادہ جلن اور تکلیف ہو سکتی ہے۔
اسی لیے آنکھوں کے ماہرین اس کے غلط استعمال سے بارہا خبردار کرچکے ہیں اور اس دوران انہوں نے کورنیا کے نقصان، کنجنکٹیوائٹس اور روشنی کی حساسیت جیسے خطرات کا ذکر بھی کیا ہے۔
حال ہی میں فیروز خان نے انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اداکاری کے دوران فوری طور پر آنسو نکالنے کے لیے انہوں نے آنکھوں میں وِکس لگا لگا کر اپنی آنکھیں خراب کر لیں۔
اداکار کے مطابق اب حالت اتنی خراب ہو گئی ہے کہ ہلکی سی روشنی بھی آنکھوں میں بری طرح چبھتی ہے۔
فیروز خان کا ڈراما ’ہمراز‘ اس وقت جیو انٹرٹینمنٹ پر نشر ہو رہا ہے، جس میں عائزہ خان اور زاہد احمد بھی مرکزی کرداروں میں شامل ہیں، ان کی اداکاری کو مداحوں کی جانب سے خاص طور پر سراہا جا رہا ہے۔