شادی سے قبل عروسہ خان سے 8 سال تک دوستی رہی، اقرار الحسن
اپنی تین شادیوں کی وجہ سے خبروں میں رہنے والے ٹی وی میزبان اقرار الحسن نے پہلی بار انکشاف کیا ہے کہ ان کی سب سے چھوٹی اور تیسری اہلیہ عروسہ خان سے شادی سے قبل 8 سال تک دوستی رہی۔
اقرار الحسن حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔
پروگرام کے دران انہوں نے پہلی بار تینوں بیویوں کی اچھائیوں اور برائیوں پر بھی بات کی اور بتایا کہ ان کی بیویوں میں کیا برائیاں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کی تینوں بیویوں میں زیادہ تر اچھائیاں ہیں، تاہم ان کی بعض چھوٹی چھوٹی ایسی عادتیں ہیں، جنہیں بہتر ہونا چاہیے تھا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے فرح اقرار کو خاموش طبیعت قرار دیا اور کہا کہ وہ غصہ کرنے کے وقت خاموش ہوجاتی ہیں اور بعض اوقات کئی دن تک خاموش رہتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فرح اقرار کی زیادہ دن تک خاموشی کی عادت انہیں اچھی نہیں لگتی، وہ چاہتے ہیں کہ وہ اتنے زیادہ دنوں تک خاموش نہ رہیں۔
سب سے چھوٹی اہلیہ عروسہ خان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں دیکھ کر ایسے لگتا ہے، جیسے ان میں زندگی ہو، وہ خوش مزاج خاتون ہیں۔
اقرار الحسن نے عروسہ خان کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ وہ اتنی سادہ ہیں کہ انہیں ایئرکنڈیشنڈ کے ریموٹ کنٹرول کو بھی چلانا نہیں آتا لیکن ساتھ ہی وہ اتنی سمجھدار ہیں کہ وہ بڑے بڑے مسائل آسانی سے حل کر لیتی ہیں۔
ان کے مطابق عروسہ خان بخوبی جانتی ہیں کہ کس مسئلے کو کیسے حل کرنا ہے، کہاں کتنی بات کرنی ہے اور کس سے بات کرتے وقت خاموش رہنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کی تیسری اہلیہ آج کل ان کے بیٹے پہلاج کے زیادہ قریب ہے۔انہوں نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ انہوں نے عروسہ خان کے ساتھ زیادہ وقت نہیں گزارا۔
اقرار الحسن نے انکشاف کیا کہ شادی سے قبل 8 سال تک ان کی دوستی عروسہ خان سے رہی، وہ ایک ہی انڈسٹری کا حصہ رہے، اس لیے وہ ایک دوسرے کو اچھی طرح جانتے تھے۔
اقرار الحسن اپنی تین شادیوں کی وجہ سے ہر وقت خبروں میں رہتے ہیں، وہ پہلے بھی اپنی بیویوں سے متعلق گفتگو کرتے رہے ہیں۔
اقرا الحسن نے پہلی شادی سابق نیوز کاسٹر قرت العین سے 2010 سے قبل کی تھی، جن سے انہیں ایک بیٹا بھی ہے۔
ٹی وی میزبان نے دوسری شادی نیوز کاسٹر فرح سے کی اور ان سے شادی کو بھی ایک دہائی سے زائد عرصہ گزر چکا ہے۔
اقرار الحسن نے تیسری شادی تقریبا دو سال قبل صحافی عروسہ خان سے کی، انہوں نے بعد میں کی جانے والی اپنی دونوں شادیوں کو کچھ عرصے تک خفیہ بھی رکھا۔
مئی 2024 میں انہوں نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ ان کی تینوں بیویاں ایک ساتھ نہیں رہتیں، تاہم تینوں کے آپس میں اچھے تعلقات ہیں۔