دنیا

خاتون نے شوہر کی دوسری بیوی کو 80 فیصد جگر عطیہ کرکے مثال قائم کردی

طائف کے شہری ماجد بلدہ الروقی کی ایک اہلیہ تغرید عوض السعدی کئی سال سے شدید علیل تھیں، انہیں سوکن نے جگر کا عطیہ دیا۔

اسلامی دنیا کے اہم ترین ملک سعودی عرب میں ایک خاتون نے اپنے شوہر کی شدید بیماری دوسری بیوی کو اپنا 80 فیصد جگر عطیہ کرکے قربانی اور محبت کی نئی مثال قائم کردی۔

سعودی عرب کے اخبار ’سعودی گزٹ‘ کے مطابق طائف کے شہری ماجد بلدہ الروقی کی ایک اہلیہ تغرید عوض السعدی کئی سال سے شدید علیل تھیں، ان کے گردے ناکارہ ہوچکے تھے جس وجہ سے ان کا جگر بھی شدید متاثر ہوا تھا۔

سعودی شہری کی اہلیہ کئی سال سے ڈائلاسز پر تھی اور شوہر نے ان کے علاج کے لیے امریکا سے لے کر برطانیہ تک سفر کیا لیکن انہیں کوئی شفا نہیں ملی۔

مسلسل ڈائلاسز پر رہنے اور جگر کے شدید متاثر ہونے کے بعد سعودی شہری نے اپنی بیمار اہلیہ کو ایک گردہ عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا اور انہوں نے اپنے ٹیسٹ مکمل کرواکر ڈاکٹرز سے رضامندی بھی ظاہر کردی۔

رپورٹ کے مطابق شوہر نے اپنا گردہ عطیہ کرنے سے قبل اپنے تمام پانچ بچوں اور دوسری اہلیہ نورا سالم الشمری کو بھی آگاہ کیا اور انہیں آپریشن کے وقت ہسپتال میں موجود رہنے کی ہدایت کی۔

سعودی شہری نے اپنی بیوی اور پانچوں بچوں کو آگاہ کیا تھا کہ گردہ عطیہ کرنے کے دوران کسی طرح کی بھی پیچیدگی ہو سکتی ہے، اس کے لیے پورا خاندان تیار رہے۔

سعودی شہری کی جانب سے دوسری بیوی اور بچوں کے ہمراہ ہسپتال پہنچنے کے بعد ان کی صحت مند بیوی نے اپنی سوکن کو جگر عطیہ کرنے کی رضامندی ظاہر کرکے شوہر اور بچوں کو حیران کردیا۔

سعودی شہری کی صحت مند بیوی نے ان کی بیمار بیوی کو 80 فیصد جگر کا عطیہ دینے کی رضامندی ظاہر کی، جس کے بعد ڈاکٹرز نے ان کے ضروری ٹیسٹ کرکے آپریشن کردیا۔

رپورٹ کے مطابق جگر عطیہ کرنے کا آپریشن کامیاب گیا اور دونوں خواتین کی حالت خطرے سے باہر تھی، تاہم یہ واضح نہ ہوسکا کہ شوہر نے بھی اپنی بیمار بیوی کو گردہ عطیہ کیا یا نہیں؟

سعودی خاتون کی جانب سے اپنی بیمار سوکن کو جگر کا 80 فیصد عطیہ کرنے کی خبر سن کو دنیا بھر کے لوگ حیران رہ گئے۔