دنیا

امریکا کے شہر آسٹن میں اسٹور کے باہر فائرنگ سے بچے سمیت 3 افراد ہلاک، ملزم گرفتار

مشتبہ شخص 30 کی دہائی کا ایک سفید فام مرد ہے، جس کا ماضی میں ذہنی صحت کے مسائل اور مجرمانہ ریکارڈ موجود ہے، آسٹن پولیس چیف

امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر آسٹن میں ٹارگٹ اسٹور کی پارکنگ میں فائرنگ کے واقعے میں بچے سمیت کم از کم 3 افراد ہلاک ہو گئے، فائرنگ کے بعد ملزم نے دو گاڑیاں چھینیں تاہم پولیس کے ٹیزر سے قابو میں آ گیا۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق آسٹن پولیس چیف لیزا ڈیوس نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ مشتبہ شخص 30 کی دہائی کا ایک سفید فام مرد ہے، جس کا ماضی میں ذہنی صحت کے مسائل اور مجرمانہ ریکارڈ موجود ہے، حکام نے اس کا نام ظاہر نہیں کیا، فائرنگ کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں۔

پولیس کو پیر کی دوپہر 2 بج کر 15 منٹ پر واقعے کی اطلاع ملی، پولیس جب ٹارگٹ کی پارکنگ میں پہنچی تو وہاں 3 افراد فائرنگ سے زخمی پائے گئے، آسٹن-ٹراوس کاؤنٹی ایمرجنسی میڈیکل سروسز کے سربراہ رابرٹ لک رٹز کے مطابق 2 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ تیسرے کو ہسپتال میں مردہ قرار دیا گیا، گولی لگے بغیر زخمی ہونے والے ایک شخص کو ہسپتال میں طبی امداد دی گئی۔

کپتان شینن کویسٹرر نے بتایا کہ موقع پر ہلاک ہونے والوں میں ایک بچہ اور 2 بالغ افراد شامل ہیں، پولیس کے مطابق ملزم نے پارکنگ سے ایک گاڑی چھینی، لیکن حادثے کے بعد وہ ایک ووکس ویگن شوروم سے دوسری گاڑی لے کر فرار ہوا۔

لیزا ڈیوس کے مطابق مشتبہ شخص کو ایک اور شہری کی اطلاع پر جنوبی آسٹن میں جائے وقوعہ سے تقریباً 20 میل دور گرفتار کیا گیا، اسے ٹیزر کے ذریعے قابو میں لے کر حراست میں لیا گیا۔

پیر کا یہ فائرنگ کا واقعہ محض 2 ہفتے قبل ریاست مشی گن کے شہر ٹریورس سٹی کے ایک وال مارٹ اسٹور کی پارکنگ میں پیش آنے والے حملے کے بعد رونما ہوا، جہاں 42 سالہ بریڈفورڈ جیمز گل پر الزام ہے کہ اس نے 11 افراد کو چاقو کے وار کر کے زخمی کیا، حکام نے اس حملے کو ’بے ترتیب کارروائی‘ قرار دیا تھا۔

متاثرین کی عمریں 29 سے 84 سال کے درمیان تھیں اور تمام کے زندہ بچنے کی توقع تھی، جیمز گِل کے خلاف ایک دہشت گردی اور 11 افراد کو قتل کرنے کی نیت سے حملے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔