لائف اسٹائل

’دھواں‘ میں نبیل کے قتل کا منظر دیکھ کر خوب روئی تھی، نازلی نصر

نازلی نصر بھی 1994 میں پاکستان ٹیلی وژن پر نشر کیے گئے ڈرامے ’دھواں‘ میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

سینئر اداکارہ نازلی نصر نے انکشاف کیا ہے کہ ان سمیت ’دھواں‘ ڈرامے کی زیادہ تر کاسٹ کو اختتام تک ڈرامے میں نبیل کے قتل سے متعلق کوئی علم نہیں تھا اور وہ ڈرامے میں نبیل کے قتل کا مںظر دیکھ کر رو پڑی تھیں۔

نازلی نصر بھی 1994 میں پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر نشر کیے گئے ڈرامے ’دھواں‘ میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

مذکورہ ڈرامے نے نازلی نصر اور نبیل ظفر سمیت دیگر اداکاروں کو بھی راتوں و رات شہرت کی بلندیوں پر پہچا دیا تھا۔

ڈرامے میں نازلی نصر نے ایک جاسوس افسر کا کردار ادا کیا تھا جو کہ دوسرے اہم کردار سے منشیات اور دوسرے غیر قانونی کاموں کے خلاف آپریشن پر مامور افسر سے خفیہ معلومات حاصل کرکے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد بھجواتی تھیں۔

حال ہی میں ایک انٹرویو میں نازلی نصر نے ’دھواں‘ سے متعلق کئی حیران کن انکشافات کیے اور یہ بھی بتایا کہ وہ خود ڈرامے میں نبیل کے قتل کا منظر دیکھ کر رو پڑی تھیں۔

ان کے مطابق ڈرامے کی تقریبا تمام شوٹنگ کوئٹہ میں ہوئی، جہاں اس زمانے میں شدید سردی ہوتی تھی اور انہوں نے منفی ڈگری کی سردی میں عام کپڑوں میں شوٹنگ کی۔

ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ سردیاں زیادہ تھیں لیکن انہیں ڈرامے میں کام کرکے مزہ آیا، تمام ٹیم نے خوب انجوائے کیا تھا۔

نازلی نصر نے بتایا کہ ڈرامے کے زیادہ تر اداکاروں کو اختتام تک نبیل ظفر کے قتل سے متعلق علم نہیں تھا لیکن جو اداکار اختتام تک شوٹنگ کرواتے رہے، انہیں معلوم ہوچکا تھا کہ نبیل کے کردار کا قتل کیا جائے گا۔

اداکارہ کے مطابق ڈرامے کا کوئی اسکرپٹ نہیں ہوتا تھا، ہدایت کار اسی وقت اداکاروں کو کاغذ کے ٹکڑے پر اپنے ڈائلاگ لکھ کر دیتے تھے اور انہیں ادا کرنے کا حکم دیا جاتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ انہیں ڈرامے میں نبیل کے کردار کے قتل ہونے کا علم ڈراما دیکھ کر ہوا اور اس وقت تک وہ شوٹنگ سے واپس کراچی پہنچ چکی تھیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ ڈرامے میں نبیل کے کردار کے قتل کا منظر دیکھ کر وہ خوب روئی تھیں، ان سمیت دیگر افراد کو بھی اہم کردار کے مارے جانے پر دکھ ہوا تھا۔