لائف اسٹائل

پہلی شادی کے ختم ہونے میں تاخیر کا تعلق مالی مسائل سے نہیں تھا، بشریٰ انصاری

میاں بیوی کو شادی کے دو تین سال تک ایک دوسرے کو اچھے سے سمجھنا چاہیے، پھر فیملی کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کرنا چاہیے، زبردستی کسی بھی رشتے کو چلانے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے، سینئر اداکارہ

سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی پہلی شادی ختم ہونے میں تاخیر کی وجہ مالی مسائل نہیں بلکہ اس وقت کے حالات تھے۔

بشریٰ انصاری نے حال ہی میں ’سما ٹی وی‘ کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ محبت کی ڈسی ہوئی ہیں، یہ ایک ایسی بیماری ہے جو انہیں بہت جلدی لگی تھی، جو کہ انسان کو مضبوط اور کمزور دونوں کرتی ہے اور انہیں زیادہ تر یہ کمزور کرتی ہے، چاہے سامنے والا کوئی بھی ہو، اگر اس سے انہیں محبت ہے تو انہیں اس انسان کی فکر ہوتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پہلی شادی ختم ہونے میں تاخیر کی وجہ مالی مجبوری نہیں تھی، کیونکہ وہ خود بھی اچھی خاصی کماتی تھیں، بلکہ اس وقت حالات ہی کچھ ایسے تھے کہ انہیں رشتہ ختم کرنے میں دیر ہوگئی، بیٹیاں بڑی ہو رہی تھیں، اس لیے انہیں یہ فیصلہ مناسب نہ لگا اور اسی وجہ سے تاخیر ہوئی۔

اداکارہ کے مطابق اس دوران انہیں گھر والوں اور دوستوں کی بھی مکمل سپورٹ تھی لیکن انہوں نے خود ہی فیصلہ کرنے میں دیر کی۔

انہیں ایسا بھی لگتا ہے کہ اگر وہ جلد بازی میں فیصلہ کر لیتیں تو شاید ان سے کوئی غلط فیصلہ ہوجاتا۔

بشریٰ انصاری نے کہا کہ اگر وہ کم عمری میں طلاق لے لیتیں تو ہوسکتا ہے کہ اس کے بعد ان سے غلط فیصلہ ہوجاتا اور کسی غلط انسان سے ان کا واسطہ پڑجاتا، تو پھر وہ فیصلہ بھی انہیں بھگتنا پڑتا۔

ان کا یہ بھی ماننا ہے کہ میاں بیوی کو شادی کے دو تین سال تک ایک دوسرے کو اچھے سے سمجھنا چاہیے، پھر فیملی کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کرنا چاہیے اور زبردستی کسی بھی رشتے کو چلانے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے، لیکن وہ یہ بھی نہیں کہہ رہیں کہ فوراً طلاق لے لیں، تاہم ایک دوسرے کو سمجھنے کے لیے تھوڑا وقت دینا چاہیے۔

خیال رہے کہ بشریٰ انصاری کی پہلی شادی معروف پروڈیوسر اقبال انصاری سے ہوئی تھی، جو 36 سال بعد طلاق پر ختم ہوئی، اس شادی سے ان کی دو بیٹیاں ہیں۔

انہوں نے ڈراما نگار اقبال حسین سے دوسری شادی کا اعتراف مئی 2023 میں کیا تھا، لیکن انہوں نے واضح وقت نہیں بتایا تھا کہ ان کی شادی کب ہوئی تھی۔

امبر خان کا نئے شادی شدہ جوڑوں کو دو سال تک بچے پیدا نہ کرنے کا مشورہ

عمرہ کرنے جاؤ تو طعنے ملتے ہیں کہ اب آپ بھی عمرہ کریں گی، صنم ماروی

فیروز خان اور حبا بخاری کی ایک دوسرے کی تعریفیں کرنے کی ویڈیو وائرل