لائف اسٹائل

گوہر رشید کی والدہ کا اداکاری کا آغاز

گوہر رشید نے والدہ کے ہمراہ تصویر شیئر کرتے ہوئے ان سے اظہار محبت کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں بہادر اور خود سے بہتر اداکارہ بھی قرار دیا۔

مقبول اداکار گوہر رشید کی والدہ فرزانہ منیر نے زائد العمری میں اداکاری کا آغاز کردیا۔

گوہر رشید نے والدہ کے ہمراہ تصویر شیئر کرتے ہوئے ان سے اظہار محبت کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں بہادر اور خود سے بہتر اداکارہ بھی قرار دیا۔

گوہر رشید نے جذباتی پوسٹ میں لکھا کہ جب وہ چھوٹے تھے اور ان کا اسکول کا پہلا دن تھا، تب وہ کافی خوف زدہ تھے، ان کی والدہ ان کی ہمت بڑھانے کے لیے ان کے ساتھ اسکول میں رہیں۔

انہوں نے لکھا کہ والدہ انہیں بچپن میں اسکول چھوڑنے اور لینے آتیں، ان کا خیال رکھتیں، انہیں ہمت دیتیں اور پھر انہوں نے جب اداکاری شروع کی تو وہ اسکول کے پہلے دن کی طرح کچھ اداس اور خوفزدہ تھے۔

گوہر رشید نے لکھا کہ کئی سال بعد ایک بار پھر ایسا سب کچھ ان کی زندگی میں ہوا لیکن اس بار کردار کچھ مختلف تھے۔

اداکار کے مطابق اس بار وہ والدہ کی جگہ جب کہ والدہ ان کی جگہ تھیں، وہ جب والدہ کو اداکاری کے لیے پہلے دن چھوڑنے جا رہے تھے تو ان کی والدہ کچھ اداس اور خوف زدہ تھیں۔

اداکار نے لکھا کہ ان کی والدہ کی ہمت بڑھانے میں ان کی اہلیہ اداکارہ کبریٰ خان نے بھی بہترین کردار ادا کیا اور ان کی والدہ کو اداکاری سے متعلق سمجھایا۔

اداکار نے والدہ کے ساتھ کام کرنے والے اداکاروں اور ہدایت کار سمیت دیگر ٹیم ارکان کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ان کی والدہ کا خیال رکھا اور ان کا احترام کیا۔

گوہر رشید نے لکھا کہ انہیں والدہ پر فخر ہے، ان کی والدہ ان سے اچھی اداکارہ اور بہادر ہیں۔

گوہر رشید کی والدہ نے ’بریانی‘ نامی ڈرامے سے اداکاری کا آغاز کیا ہے، ان کے کردار اور اداکاری کی تعریفیں بھی کی جا رہی ہیں۔