لڑکوں کی طرح دکھنے والی پروین اکبر کی بات پر صنم سعید کا مبہم جواب
اداکارہ صنم سعید نے براہ راست سینئر اداکارہ پروین اکبر کا نام لیے اور انہیں مینشن کیے بغیر ان کی بات پر مبہم اور معنی خیز رد عمل دے دیا۔
پروین اکبر نے حال ہی میں متھیرا کے پروگرام میں ایک سوال کے جواب میں صنم سعید کے ظاہری جسمانی خدوخال پر بات کی تھی اور ان کی گفتگو کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی تھی۔
انہوں نے صنم سعید کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ بہت اچھی اداکارہ ہیں لیکن نہ جانے کیوں وہ انہیں لڑکی کے بجائے لڑکا زیادہ لگتی ہیں۔
ان کے مطابق صنم سعید کی شخصیت میں ’ٹام بوائے‘ کی جھلک آتی ہے۔
صنم سعید کے بھارتی پروجیکٹ ’برزخ‘ کے بارے میں بات کرتے ہوئے پروین اکبر نے کہا تھا کہ وہ بہت اچھی اداکارہ ہیں، اس لیے انہیں پیسوں کے پیچھے بھاگنے کے بجائے کہانی اور کردار پر توجہ دینی چاہیے۔
ان کی بات پر اگرچہ پروین اکبر کو سوشل میڈیا صارفین نے بھی آڑے ہاتھوں لیا تھا لیکن اب صنم سعید نے بھی ان کی بات کے بعد انہیں مبہم جواب دے دیا۔
صنم سعید نے انسٹاگرام اسٹوری میں ایک معنی خیز اصطلاحی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے پروین اکبر کی بات پر رد عمل دیا۔
صنم سعید نے انگریزی لفظ ’آنٹی‘ اور ’انٹرپرینیور‘ سے بنائے گئے نئے اصطلاحتی لفظ ’آنٹی پرینیور‘ کا استعمال کرتے ہوئے اس کے مفہوم کو بھی شیئر کیا۔
اداکارہ نے ایک خاتون کی تصویر کے ساتھ ’آنٹی پرینیور‘ کی اصطلاح کو شیئر کیا اور ان کی اسٹوری کو دوسرے سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے بھی شیئر کیا گیا۔
صنم سعید کی جانب سے سے شیئر کی گئی اصطلاح کا استعمال اس وقت کیا جاتا ہے جب کوئی زائد العمر خاتون یا آنٹی کسی دوسری خاتون کی ذاتی زندگی یا کام میں مداخلت کرتی ہیں۔