حسن رحیم کی اپنی شادی میں ڈانس کرنے کی ویڈیوز وائرل
گلوکار حسن رحیم کی جانب سے اپنی شادی کی تقریبات میں ڈانس کی ویڈیوز وائرل ہوگئیں، جن میں انہیں گلگت بلتستان کے روایتی رقص پر ڈانس کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
حسن رحیم کی شادی کی ویڈیوز گزشتہ چند دن سے سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں، ابتدائی طور پر زیادہ تر صارفین نے شک کیا کہ اس بار بھی گلوکار اپنی شادی کا ڈراما رچا رہے ہیں، کیوں کہ وہ پہلے بھی اپنی شادی سے متعلق مذاق کر چکے تھے۔
ماضی میں حسن رحیم نے اپنے گانے کی ویڈیو کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے اسے اپنی شادی کی تصویر قرار دیا تھا اور میڈیا سے اپیل کی تھی کہ اسے شیئر نہ کیا جائے، بعد ازاں انہوں نے بتایا تھا کہ انہوں نے حقیقی شادی نہیں کی، وہ گانے میں کی گئی شادی کی تصویر تھی۔
حسن رحیم کی ماضی میں کیے گئے مذاق کی وجہ سے اب بھی صارفین نے سمجھا کہ شاید وہ مذاق کر رہے ہیں لیکن اب معروف شخصیات کو بھی ان کی شادی کی ہونے والی تقریبات میں دیکھا گیا، جس کے بعد صارفین کو یقین ہوگیا کہ گلوکار حقیقت میں شادی کر رہے ہیں۔
شادی کی وائرل ہونے والی ویڈیوز میں حسن رحیم کو روایتی لباس اور ٹوپی سمیت گلگت بلتستان کے روایتی رقص پر اپنی شادی کی تقریبات میں ڈانس کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
حسن رحیم نے تاحال اپنی شادی کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر نہیں کیں، تاہم ان کے قریبی دوستوں اور رشتے داروں نے ان کی شادی کی تقریبات کی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کیں۔
گلگت بلتستان کے گلوکار سلمان پارس نے بھی حسن رحیم کی شادی کی تقریبات میں گلوکاری کرنے کی ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ دلہا کے ہمراہ شینا زبان کا گانا گاتے دکھائی دیے۔
وائرل ہونے والی ویڈیوز میں حسن رحیم کو انتہائی خوش دیکھا جا سکتا ہے جب کہ ان کی دلہن بھی خوش دکھائی دیتی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حسن رحیم اپنی قریبی رشتے دار نور سے شادی کر رہے ہیں، تاہم اس حوالے سے تصدیقی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔