امیتابھ بچن کے جراب کی بات پر اب جیل میں مت ڈال دینا، بشریٰ انصاری کا تنقید پر جواب
سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے کچھ دن قبل لتا منگیشکر کی ساڑھی اور امیتابھ بچن کے جراب کے حوالے سے دیے گئے اپنے بیان پر مزاحیہ انداز میں تنقید کرنے والوں سے التجا کی ہے کہ اب انہیں مذکورہ بات کرنے پر جیل میں مت ڈالا جائے۔
بشریٰ انصاری نے کچھ دن قبل ایک پروگرام کے دوران کہا تھا کہ ان کے ایک دوست نما مداح نے ان سے شکوہ کیا تھا کہ انہوں نے ملکہ ترنم کی ساڑھی تو پہنی لیکن لتا منگیشکر کی نہیں پہنی.
اداکارہ نے کہا ھا کہ مداح نما دوست کے شکوہ پر انہوں نے انہیں کہا کہ وہ تو چاہتی ہیں کہ کوئی انہیں لتا منگیشکر کی ساڑھی لاکر دے۔
انہوں نے مسکراتے بتایا تھا کہ وہ چاہتی ہیں کہ انہیں بےشک لتا منگیشکر کی وہ ساڑھی لاکر دی جائے، جس سے ان کے اہل خانہ نے پونچھا مارا ہو، وہ اس ساڑھی کو بھی پہن لیں گی۔
بشریٰ انصاری نے بتایا تھا کہ انہوں نے مداح نما دوست کو کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ انہیں کوئی امیتابھ بچن کی دو نہیں بلکہ ایک ہی جراب بھی لاکر دے۔
ان کی مذکورہ بات کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ان پر تنقید کی گئی تھی اور ان پر سستی شہرت حاصل کرنے کے الزامات بھی لگائے گئے تھے۔
اب انہوں نے خود پر ہونے والی تنقید پر جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اداکارہ ہیں، ان کا کام عوام کو تفریح فراہم کرنا ہے، اس لیے بعض اوقات وہ مذاق میں بھی بہت ساری باتیں کہ جاتی ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ انہوں نے امیتابھ بچن کے جراب لاکر دینے کی بات مذاق میں کہی تھی لیکن ولاگرز اور یوٹیوبرز نے ان کی بات کا پتنگڑ بنا کر اسے قومی مسئلہ بنا دیا۔
بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ ولاگرز اور یوٹیوبرز کو عقل نہیں، وہ بات کو سمجھتے ہی نہیں، ایسے ہی باتوں کا پتنگڑ بنا دیتے ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ وہ عوام کو تفریح فراہم کرنے کے لیے کبھی ویڈیو میں جھاڑی لگاتی ہیں تو کبھی کوئی بات کہ دیتی ہیں لیکن سوشل میڈیا والے ان کی ایسی باتوں کو سمجھنے کی صلاحیت ہی نہیں رکھتے۔
انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ اب ان کی جانب سے امیتابھ بچن کے جراب لانے کی بات پر انہیں جیل میں ڈلوا دیا جائے۔