لائف اسٹائل

شوٹنگ کے دوران طبیعت خراب ہونے کے دو ہفتوں بعد صبا قمر کی کام پر واپسی

یکم اگست کو صبا قمر شوٹنگ کے دوران بے ہوش ہوگئی تھیں، انہیں دل میں تکلیف کے سبب ہنگامی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

اداکارہ صبا قمر نے شوٹنگ کے دوران طبیعت خراب ہوجانے کے دو ہفتوں بعد کام پر واپسی کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ابھی بھی وہ مکمل طور پر صحت یاب نہیں ہوئیں۔

رواں ماہ کے آغاز میں یکم اگست کو صبا قمر شوٹنگ کے دوران بے ہوش ہوگئی تھیں، انہیں دل میں تکلیف کے سبب ہنگامی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں ان کی انجیوگرافی بھی کی گئی تھی۔

بعد ازاں اداکارہ نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے مداحوں کو اپنی خیریت سے متعلق آگاہ کیا تھا اور بتایا تھا کہ وہ جلد ہی کام پر واپسی کریں گی۔

بعد ازاں انہوں نے اپنی متعدد انسٹاگرام اسٹوریز میں انکشاف کیا تھا کہ وہ صدموں، دل ٹوٹنے اور دوسرے مسائل کی وجہ سے مذکورہ حالت تک پہنچیں۔

انہوں نے مداحوں کو مشورہ دیا تھا کہ وہ کوئی بھی صدمہ، تکلیف اور دل خراش واقعے کی یاد کو دل میں نہ رکھیں، اس کا اظہار کردیا کریں۔

اب اداکارہ نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے بتایا کہ انہوں نے کام پر واپسی کرلی ہے لیکن ساتھ ہی بتایا کہ وہ مکمل طور پر صحت یاب نہیں ہوئیں۔

صبا قمر نے مختصر انسٹاگرام اسٹوری میں بتایا کہ وہ تقریبا دو ہفتوں بعد کام پر واپسی کر رہی ہیں، وہ نئے پروجیکٹ میں کام کرنے کے لیے انتہائی پرجوش ہیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ ان کی صحت بتدریج بہتر ہو رہی ہے لیکن ابھی بھی وہ مکمل طور پر صحت یاب نہیں ہوئیں۔

انہوں نے لکھا کہ وہ نئے منصوبے میں کام کرنے کے لیے انتہائی پرجوش ہیں اور ہمیشہ کی طرح ان کی یہی کوشش رہے گی کہ وہ اس بار بھی اداکاری میں اپنا 100 فیصد دے کر مداحوں کو محظوظ کریں۔

صبا قمر نے مداحوں سے دعاؤں کی اپیل بھی کی، تاہم انہوں نے نئے منصوبے سے متعلق کوئی معلومات فراہم نہیں کی۔