لائف اسٹائل

اداکاروں کو کرائے پر گھر تک نہیں دیے جاتے تھے، فیصل قریشی

مشہور شخص ہونے کے باوجود گھر میں شوہر ہی ہوں، گھر کے کام کرنے پڑتے ہیں اور اہلیہ کام کرواتی رہتی ہیں، اداکار

مقبول اداکار فیصل قریشی نے انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں اداکاروں کو نہ صرف شادی کے لیے رشتے دینے سے انکار کیا جاتا تھا بلکہ کرائے پر گھر تک نہیں دیے جاتے تھے۔

فیصل قریشی نے حال ہی میں اہلیہ کے ہمراہ ’ہنسنا منع ہے‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔

پروگرام کے دوران انہوں نے اپنی شادی کا قصہ بھی سنایا جب کہ یہ بھی بتایا کہ بھلے وہ مشہور شخص ہیں لیکن گھر میں وہ شوہر ہی ہیں، انہیں کام کرنے پڑتے ہیں اور ان سے کام کروائے جاتےہیں۔

پروگرام کے دوران فیصل قریشی کی اہلیہ ثنا قریشی نے انکشاف کیا کہ ماضی میں وہ اپنی کار پر تنہا براستہ موٹروے کراچی سے لاہور جا رہی تھیں کہ رات کو 11 بجے ان کی گاڑی کا پیٹرول ختم ہوگیا، جس پر انہوں نے موٹروے پولیس کو فون کیا۔

انہوں نے بتایا کہ وہ جولائی کے مہینے میں گئی تھیں، جس کے چند ماہ بعد لاہور کے قریب ہی موٹروے پر کار سوار خاتون کو اغوا کرکے ریپ کا نشانہ بنانے کا واقعہ بھی پیش آیا تھا۔

شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر فیصل قریشی نے بتایا کہ انہوں نے پہلی بار اہلیہ کو ایک شادی میں دیکھا تھا، جس کے بعد انہوں نے ان سے شادی کا فیصلہ کیا۔

ان کے مطابق ان کی اہلیہ نے انہیں اہل خانہ سے بات کرنے کا کہا، جس پر انہوں نے بیوی کے والد سے خود بات کرکے براہ راست شادی کا کہا۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے سسر کو بتایا کہ وہ شوبز سے تعلق رکھتے ہیں، ان کے پاس آپشنز کی کمی نہیں لیکن وہ گھر بسانا چاہتے ہیں، جس پر ان کے سسر مان گئے۔

ان کی اہلیہ نے بتایا کہ ان کے والد کو علم نہیں تھا کہ فیصل قریشی اداکار ہیں، اگر انہیں معلوم ہوتا تو وہ شادی نہیں کرنے دیتے، کیوں کہ پنجاب کے لوگ اداکاروں سے شادیاں کروانے کی اجازت مشکل سے دیتے ہیں۔

اہلیہ کی بات پر فیصل قریشی نے کہا کہ رشتے کیا، ماضی میں تو اداکاروں کو کرائے پر گھر تک نہیں دیے جاتے تھے۔

ان کی بات پر میزبان تابش ہاشمی نے انکشاف کیا کہ حال ہی میں انہیں لاہور میں بھی کرائے کا گھر تلاش کرنے میں مشکل ہوئی، ایک مالک مکان نے کہا کہ وہ میڈیا سے تعلق رکھنے والوں کو گھر نہیں دیتے۔

فیصل قریشی نے اسی بات پر مزید کہا کہ اگرچہ ماضی میں زیادہ مسائل ہوتے تھے لیکن اب بھی ایسے مسائل موجود ہیں، اداکاروں کو کرائے پر گھر تک نہیں دیے جاتے، ان سے رشتے نہیں کیے جاتے۔