لائف اسٹائل

پھانسی کا منظر شوٹ کروانے کے دوران لٹکنے سے بال بال بچا، سید جبران

سید جبران اس بار بڑی دھاڑی کے ساتھ نئے انداز میں سامنے آئے، جس پر شائقین بھی ابتدائی طور پر انہیں پہنچاننے سے قاصر رہے۔

معروف اداکار سید جبران نے انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں ایک ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران پھانسی کا منظر شوٹ کروانے کے دوران وہ لٹکنے سے بال بال بچے تھے۔

سید جبران حال ہی میں مزاحیہ پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔

سید جبران اس بار بڑی دھاڑی کے ساتھ نئے انداز میں سامنے آئے، جس پر شائقین بھی ابتدائی طور پر انہیں پہنچاننے سے قاصر رہے اور بعض مداحوں نے ان کے نئے انداز کی تعریفیں بھی کیں۔

پروگرام کے دوران انہوں نے اپنی شادی کا دلچسپ قصہ بھی سنایا اور بتایا کہ ان کی اہلیہ پاکستانی نژاد برطانوی ہیں، ان کی پہلی ملاقات لندن میں ہوئی تھی۔

ان کے مطابق لندن میں سمیع خان کو شوٹنگ کے لیے جانا تھا لیکن ان کے پاسپورٹ آنے میں تاخیر ہوئی تو انہیں شوٹنگ کے لیے لندن جانا پڑا، جہاں ان کی ملاقات اہلیہ سے ہوئی۔

سید جبران نے کا کہنا تھا کہ لندن میں پہلی ملاقات کے بعد ان کے اور اہلیہ کے درمیان سلسلہ چل پڑا اور آج تک سلسلہ چلتا آ رہا ہے۔

انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ اب وہ یہی سوچتے ہیں کہ سمیع خان کا ویزہ آنے میں تاخیر کیوں ہوئی اور وہ کیوں لندن گئے؟

پروگرام میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ایک ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران وہ پھانسی پر لٹکنے سے بال بال بچے۔

اداکار کا کہنا تھا کہ ان کے ڈرامے کی شوٹنگ مشہور اڈیالا جیل میں تھی اور انہیں پھانسی پر لٹکانے کے لیے ان کا چہرہ بھی ڈھانپ دیا گیا تھا، ان کے ہاتھ بھی باندھ دیے گئے تھے۔

سید جبران کے مطابق ان کے گلے میں پھانسی کا پھندہ بھی ڈالا گیا اور تختے کا گیئر پھنس گیا، جس وجہ سے ان کا منظر مکمل نہ ہوسکا۔

ان کا کہنا تھا کہ پھانسی کے تختوں کو نیچے سے زنجیر لگائے گئے تھے تاکہ وہ نیچے گر نہ جائیں لیکن شوٹنگ کے دوران گیئر پھنس گیا اور سین مکمل نہ ہوسکا۔

سید جبران کے مطابق بعد ازاں ہدایت کار نے انہیں گیئر لگانے کا منظر الگ سے شوٹ کیا اور انہیں پھانسی کا پھندہ پہنانے کا منظر پہلے ہی شوٹ کرلیا گیا تھا۔

اداکار نے بتایا کہ جب گیئر لگانے اور تختوں کے گرانے کا منظر تنہا شوٹ کیا گیا تو تختے زنجیروں کو توڑ کر نیچے گر گئے، جس پر ہدایت کار سمیت وہاں موجود سب لوگ حیران رہ گئے اور سب نے شکرانے ادا کیا کہ منظر شوٹ کرواتے وقت اداکار پھندے پر موجود نہ تھے۔

سید جبران کا کہنا تھا کہ وہ بھی تختے نیچے گرنے کا منظر دیکھ کر حیران رہ گئے اور انہوں نے شکرانے ادا کیے کہ اچھا ہوا کہ پہلے گیئر پھنس گیا تھا۔