لائف اسٹائل

کئی نام زیرِ غور تھے، لیکن خوبصورتی کی وجہ سے کردار ملنے میں آسانی ہوئی، شائستہ جبین

اداکاری کے آغاز پر گھر میں جھگڑے ہوئے، گھر والوں نے آج تک شوبز میں کام کرنے کو قبول نہیں کیا، سینئر اداکارہ

سینئر اداکارہ شائستہ جبین نے انکشاف کیا ہے کہ ڈراما سیریل ’آغوش‘ میں ان کے کردار کے انتخاب کے وقت کئی بڑے نام زیرِ غور تھے، تاہم ان کی خوبصورتی نے انہیں کردار حاصل کرنے میں نمایاں سہولت فراہم کی۔

شائستہ جبین نے حال ہی میں مزاحیہ پروگرام ’مذاق رات‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کا شوبز میں کام کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا، وہ اتفاقیہ طور پر اس فیلڈ میں آئیں اور ان کے گھر والے آج تک یہ قبول نہیں کرپائے کہ وہ شوبز میں کام کرتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کالج کے زمانے میں بھی اداکاری کی پیشکش ہوئی تھی لیکن انہوں نے یہ کہہ کر انکار کردیا کہ پتا نہیں گھر سے اجازت ملے یا نہیں، تاہم بعد میں بڑی مشکل سے انہوں نے ایک ڈرامے میں کام کیا۔

اداکارہ کے مطابق جب ان کے ڈرامے کی پہلی قسط نشر ہوئی تو گھر میں بہت جھگڑا ہوا، اس شعبے میں آنے پر سب نے کہا کہ یہ کیا تماشا ہے، اسی وجہ سے انہوں نے شروعات میں بہت کم کام کیا اور تعلیم مکمل ہونے کے بعد ہی باقاعدہ اداکاری کا آغاز کیا۔

شائستہ جبین نے بتایا کہ ڈراما سیریل ’آغوش‘ کی کاسٹنگ کے وقت پروڈیوسر نے انہیں دیکھ کر کہا کہ یہ تو بہت کم عمر ہیں، یہ کردار ان کے لیے کیسے موزوں ہوگا کیونکہ ڈرامے میں انہیں ایک ایسی خاتون کا کردار ادا کرنا تھا جو چار بچوں کی ماں تھی اور عمر میں بھی بڑی تھی اور اس کردار کے لیے کئی بڑے بڑے نام زیرِ غور تھے۔

ان کے مطابق ہدایتکار نے انہیں پہلے نہیں دیکھا تھا بلکہ کسی نے ان کے بارے میں بتایا تھا، اس لیے ہدایتکار نے دیکھتے ہی مسترد کردیا، جس پر انہیں بہت برا لگا کیونکہ وہ ڈرامے کے سلسلے میں لاہور سے اسلام آباد گئی تھیں لیکن وہاں جا کر انہیں انکار کردیا گیا۔

تاہم، بعد میں پروڈیوسر نے انہیں کہا کہ آپ پرفارم کرکے دکھائیں، ان کی پرفارمنس اور خوبصورتی دیکھ کر پروڈیوسر متاثر ہوئے اور انہیں وہ کردار مل گیا، جس کے بعد پہلے انہیں ٹیلی فلم میں کام دیا گیا اور پھر ڈرامے میں کردار ادا کرنے کا موقع ملا۔

نادیہ خان کی بیٹی علیزے خان فیشن شو میں جلوہ گر

’میں منٹو نہیں ہوں‘ میں صائمہ کا کردار صبا حمید کے لیے لکھا تھا، خلیل الرحمٰن قمر

ایران میں دوپٹے اور برقعے کے ساتھ بھی کمال کی فلمیں بن رہی ہیں، سیفی حسن