لائف اسٹائل

ڈراموں میں جوان ماں چاہیے، ماں کے کردار کی ہی پیشکش ہوتی ہے، مدیحہ رضوی

کراچی میں جب کام کے سلسلے میں رہتی تھی تو کئی بار کھانے کے لیے پیسے بھی نہیں ہوتے تھے، کئی بار دن میں تین وقت بازار میں دستیاب فروٹ بن ہی کھایا، اداکارہ

اداکارہ مدیحہ رضوی نے انکشاف کیا ہے کہ آج کل ڈراموں میں جوان ماں چاہیے اور انہیں زیادہ تر ماں کے کردار کی ہی پیشکش کی جاتی ہے۔

مدیحہ رضوی نے حال ہی میں مزاحیہ پروگرام ’مذاق رات‘ میں شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔

ان کا کہنا تھا کہ چونکہ ان کی والدہ دیبا ایک نامور اداکارہ ہیں، اس لیے وہ ان کے بچپن میں بہت زیادہ مصروف رہتی تھیں اور کبھی کبھار انہیں اپنی والدہ سے ملاقات کیے کئی کئی دن گزر جاتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ کام کی مصروفیت کی وجہ سے والدہ کے پاس انہیں دینے کے لیے بہت کم وقت ہوتا تھا، والدہ سے دوری انہیں بہت بری لگتی تھی اور اسی وجہ سے بچپن میں شوبز بھی انہیں برا لگتا تھا، لیکن بڑے ہو کر حالات تبدیل ہوگئے۔

اداکارہ نے بتایا کہ شوبز کے حوالے سے ان کے خیالات اپنی والدہ کو تیار دیکھ کر بدلتے گئے، کیونکہ والدہ جب بھی گھر آتیں تو وہ بہت تیار ہوتی تھیں اور لڑکیوں کے اندر یہ شوق پیدائشی طور پر ہوتا ہے کہ وہ تیار ہونے کا شوق رکھتی ہیں۔

مدیحہ رضوی کے مطابق انہوں نے شوبز میں والدہ کی وجہ سے کبھی بھی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش نہیں کی، بلکہ کافی سال تک بہت محنت کی اور جب کچھ پروجیکٹس کامیاب ہوگئے تو پھر لوگوں کو بتایا کہ ان کی والدہ دیبا جی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی میں جب وہ کام کے سلسلے میں رہتی تھیں تو کئی بار ان کے پاس کھانے کے لیے پیسے بھی نہیں ہوتے تھے، وہ گھر والوں سے اس لیے پیسے نہیں مانگتی تھیں کیونکہ وہ انہیں واپس بلا لیتے، اسی لیے کئی بار وہ دن میں تین وقت بازار میں دستیاب فروٹ بن ہی کھایا کرتی تھیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ڈراموں میں ماں کا کردار نبھانا بالکل بھی پسند نہیں، کیونکہ ماں کا کوئی کام نہیں ہوتا، بس وہ اولاد کی وجہ سے کبھی رو رہی ہوتی ہیں، کبھی کچھ کر رہی ہوتی ہیں اور آج کل انہیں زیادہ تر ماؤں کے کردار کی ہی پیشکش آ رہی ہے، کہا جاتا ہے کہ ہمیں جوان ماں چاہیے۔