کراچی میں شہری سیلاب پر حنا خواجہ بیات کی صوبائی و شہری حکومت پر تنقید
سینئر اداکارہ حنا خواجہ بیات نے سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ہونے والی شدید بارش کے بعد آنے والے شہری سیلاب پر صوبائی اور شہری حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
اداکارہ نے سوشل میڈیا پر ایک مختصر ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے کراچی میں بارش کے بعد آنے والے شہری سیلاب پر حکومتی و انتطامی نااہلی کو آڑے ہاتھوں لیا۔
اداکارہ نے ویڈیو میں کہا کہ ایک بارش نے ثابت کردیا کہ آفتیں صرف آسمان سے نازل نہیں ہوتیں بلکہ کچھ لوگ بھی ایسے عذاب کا ذریعہ بنتے ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ کئی دہائیوں سے کراچی پر حکمرانی کرنے والے بے حس لوگ بھول چکے ہیں ان کا منصب خدمت کرنا ہے۔
ان کے مطابق کراچی ملک کو 70 فیصد سے زیادہ ٹیکس دیتا ہے اور ملک کی ریڑھ کی ہڈی کا کام کرتا ہے لیکن وہاں سڑکیں تک نہیں بنائی گئیں۔
حنا خواجہ بیات نے کہا کہ شہر میں ایسا کرپٹ سسٹم ہے کہ ٹھیلے تو ہٹا دیے جاتے ہیں لیکن اس کی جگہ بڑی بڑی بلڈنگز غیرقانونی طور پر بنا دی جاتی ہیں اور نالے بھی بند کردیتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بارش ختم ہونے کے بعد میئر صاحب اور گورنر صاحب ہمدردی کرنےکے بہانے زخموں پر نمک چھڑکنے نکل پڑتے ہیں، جس کا کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔
انہوں نے میئر اور گورنر کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ان کو پہلے کام کرنا چاہیے تھا، اب ہمدردیاں جتانے کا کوئی فائدہ نہیں، ان کے گھر نہ کوئی کرنٹ لگنے سے مرا، نہ اان کا کوئی نقصان ہوا۔