پیرس ہلٹن کے خاندان نے پاکستان میں پہلا ہوٹل کھول لیا
دنیا کی معروف ہوٹل کمپنی ’ہلٹن‘ نے پاکستان کے خوبصورت سیاحتی علاقے گلیات میں اپنا پہلا ہوٹل ’ڈبل ٹری بائی ہلٹن‘ کا افتتاح کردیا
ہلٹن ہوٹل کمپنی امریکی اداکارہ و گلوکارہ پیرس ہلٹن کے خاندان کی ہے، جس کے متعدد ممالک میں پرتیعش ہوٹلز موجود ہیں۔
’ڈبل ٹری بائی ہلٹن‘ ہوٹل پاکستان کے مشہور ہل اسٹیشنز میں سے ایک نتھیاگلی میں واقع ہے جو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے صرف 85 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔
مذکورہ ہوٹل دی بیرن پاکستان (پرائیویٹ) لمیٹڈ کی ملکیت اور انتظام میں ہے۔
ڈبل ٹری بائی ہلٹن نتھیاگلی لالازار پارک سے چند قدم کے فاصلے پر واقع ہے اور پاکستان کے پسندیدہ مقامات میں سے ایک میں مہمان نواز کا نیا اضافہ ہے۔
مذکورہ ہوٹل علاقے کے مشہور قدرتی اور ثقافتی مقامات جیسے مشکپوری ٹاپ، میرنجانی پیک، ایوبیہ نیشنل پارک، ڈونگا گلی پائپ لائن ٹریک اور تاریخی سینٹ میتھیو چرچ تک آسان رسائی فراہم کرتا ہے اور تمام علاقے ہوٹل کے پانچ کلومیٹر کے دائرے میں ہیں۔
مذکورہ مقام ایڈونچر کے شوقین افراد اور ثقافتی سیاحت کے خواہشمندوں کے لیے ایک مثالی مرکز بھی ہے۔
ڈبل ٹری بائی ہلٹن نتھیاگلی میں 110 ڈیزائن کردہ کمرے ہیں، جن میں 14 کشادہ سوئٹس شامل ہیں جو مشکپوری اور میرنجانی پہاڑیوں کے دلکش نظاروں سے مزین ہیں۔
ہوٹل میں مہمان مختلف ڈائننگ آپشنز سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں جو شاندار پہاڑی نظاروں کے ساتھ پیش کیے جاتے ہیں۔
ہوٹل جلد ہی پاکستان کا پہلا ماؤنٹین پیڈل کورٹ اور ایک خصوصی لاؤنج متعارف کروائے گا جس میں نجی سینما، بچوں کا زون اور بیوٹی سیلون کی خدمات بھی شامل ہوں گی۔
اس کے علاوہ ایک آن سائٹ ہیلی پیڈ شاندار پہاڑی مناظر کے درمیان آسان آمدورفت کو ممکن بنانے کے لیے بھی دستیاب ہوگا۔