لائف اسٹائل

نئے اداکاروں کو دبلے، موٹے، لمبے اور چھوٹے ہونے کے طعنے دیے جاتے ہیں، کریتی سنن

شوبز جیسی انڈسٹری میں کوئی کسی کو مفت کا کھانا تک نہیں دیتا، جگہ بنانے کے لیے سخت محنت کرنی پڑی، اداکارہ

معروف بولی وڈ اداکارہ کریتی سنن نے کہا ہے کہ جن اداکاروں کا تعلق کسی شوبز خاندان سے نہیں ہوتا، انہیں انڈسٹری میں جگہ بنانے کے لیے سخت محنت کرنی پڑتی ہے اور ایسے اداکاروں کو دبلے، موٹے، چھوٹے اور لمبے ہونے کے طعنے تک دیے جاتے ہیں۔

شوبز ویب سائٹ ’بولی وڈ ہنگامہ‘ کے مطابق حال ہی میں انہوں نے ایک انٹرویو میں بولی ووڈ میں کامیابی کے لیے اپنی مشکلات اور جدوجہد پر کھل کر بات کی اور کہا کہ کامیابی کا کوئی بھی شارٹ کٹ نہیں، کچھ بھی آسانی سے نہیں ملتا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ شوبز جیسی انڈسٹری میں کوئی کسی کو مفت کا کھانا تک نہیں دیتا، انہیں بھی اپنی جگہ بنانے کے لیے سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

کریتی سنن کا کہنا تھا کہ جن اداکاروں کا تعلق شوبز خاندانوں سے نہیں ہوتا، ان کے لیے شوبز میں جگہ بنانا مشکل ہوتا ہے اور ان کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا۔

کریتی سنن نے نئے آنے والے اداکاروں کو کہا کہ ان کے کیریئر میں ایسا وقت بھی آئے گا جب کوئی ان کی بات نہیں سنے گا، کوئی انہیں موقع فراہم نہیں کرے اور ہر کوئی انہیں کہے گا کہ ان کے خواب بڑے ہیں۔

ان کے مطابق یہ بھی کہا جاتا ہے کہ آپ میں یہ کمی ہے، آپ بہت چھوٹے ہیں، آپ بہت لمبے ہیں، بہت دبلے ہیں اور آپ کا وزن زیادہ ہے۔

اداکارہ نے شوبز میں جگہ بنانے کے خواہش مند افراد کو مشورہ دیا کہ وہ کسی کے طعنوں اور باتوں پر ہمت نہ ہاریں، وہ مسلسل محنت کرکے آگے بڑھتے رہیں، مشکلات کے بعد ان کے لیے آسانیاں پیدا ہوں گی۔

کریتی سنن ماضی میں متعدد انٹرویوز میں بتا چکی ہیں کہ انہیں بعض فلموں میں صرف اس وجہ سے کاسٹ نہ کیا گیا، کیوں کہ ان کے ساتھ آنے والے ہیرو کا قد ان سے چھوٹا تھا۔

اداکارہ کے مطابق انہیں دراز قد ہونے کی وجہ سے بھی مسترد کیا جاتا رہا، ان کے علاوہ دیگر بولی وڈ اداکارائیں بھی رنگت، جسامت اور قد کی وجہ سے مسترد کیے جانے کے انکشاف کرتی رہی ہیں۔

کریتی سنن نے ایک دہائی قبل ’ہیرو پنتی‘ سے کیریئر کا آغاز کیا تھا، جس کے بعد وہ متعدد رومانوی اور کامیڈی فلموں میں نظر آئیں، انہیں دراز قد کی وجہ سے شہرت حاصل رہی ہے۔

فلموں میں اداکاری کرنے کے بعد کریتی سنن نے پروڈکشن میں بھی قدم رکھے اور بطور پروڈیوسر بھی کام کیا۔