موت کی جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کے خلاف رضا مراد نے مقدمہ دائر کروادیا
بولی وڈ کے ماضی کے مقبول ولن رضا مراد نے اپنی موت کی جھوٹی خبریں پھیلانے والے افراد کے خلاف فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کروا دی۔
شوبز ویب سائٹ ’پنک ولا‘ کے مطابق ایک روز قبل رضا مراد کی بارش کی وجہ سے روڈ حادثے میں انتقال کی خبریں پھیلائی گئیں اور سوشل میڈیا پر اداکار کی مغفرت کی دعائیں بھی کی جانے لگیں۔
رپورٹ کے مطابق اداکار کی موت کی خبریں پھیلنے کے بعد دنیا سے اداکار کے مداحوں، رشتے داروں اور دوستوں نے رضا مراد کو فون کرکے ان سے خیریت دریافت کی، جس کے بعد ہی اداکار کو اپنی موت کی خبروں سے متعلق علم ہوا۔
اداکار نے جھوٹی خبریں پھیلانے کے بعد اپنی موت کی خبریں پھیلانے والے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ دائر کروا دیا اور پولیس نے ان کی فریاد پر ایف آئی آر داخل کرنے کے بعد تفتیش شروع کردی۔
رضا مراد نے اپنی موت کی خبریں پھیلنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے تمام مداحوں، دوستوں اور رشتے داروں کو فون پر یقین دلایا کہ وہ زندہ ہیں، ان سے متعلق پھیلنے والی خبریں غلط ہیں۔
اداکار کا کہنا تھا کہ بعض افراد نہیں چاہتے کہ وہ اداکار زندہ رہے، اس لیے وہ ان کے مرنے کی خبریں پھیلاتے ہیں، ایسے بے شرم لوگوں کو قانون کے کٹہرے میں ہونا چاہیے۔
رضا مراد کے مطابق وہ دوستوں، رشتے داروں اور مداحوں کو اپنے زندہ ہونے کا یقین دلاتے دلاتے تھک چکے ہیں، پولیس ان کے حوالے سے افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف سخت اور جلد کارروائی کرے۔
حالیہ خبروں سے قبل بھی متعدد بار رضا مراد کی موت کی جھوٹی خبریں پھیلائی جا چکی ہیں اور وہ پہلے بھی اپنے زندہ ہونے سے متعلق وضاحتیں دیتے رہے ہیں۔
رضا مراد کی طرح دوسرے بولی وڈ اداکاروں کی موت سے متعلق بھی جھوٹی خبریں پھیلتی رہی ہیں۔
رضا مراد کا شمار بولی وڈ کے چند ابتدائی ولنز میں ہوتا ہے، انہوں نے درجنوں فلموں میں غنڈے کے کردار ادا کرکے شہرت حاصل کی۔
رضا مراد نے بعض فلموں میں مثبت کردار بھی ادا کیے، تاہم انہیں ولن کے طور پر شہرت حاصل رہی۔