لائف اسٹائل

ناقدین کی تنقید ان کی محرومی کو ظاہر کرتی ہے، عمران عباس کا ببرک شاہ کے تبصرے پر ردعمل

ببرک شاہ نے عمران عباس کو فلموں کے لیے ناموزوں اداکار قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ مرد کی طرح نہیں دکھتے۔

اداکار عمران عباس نے ببرک شاہ کے تبصرے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ناقدین کی تنقید دراصل ان کی محرومی اور احساسِ کمتری کو ظاہر کرتی ہے۔

گزشتہ دنوں ببرک شاہ نے ایک ٹی وی شو میں اپنے کیریئر اور ذاتی زندگی سمیت مختلف اداکاروں کے بارے میں اپنی رائے دی تھی۔

انہوں نے شو میں عمران عباس کو فلموں کے لیے ناموزوں اداکار قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ مرد کی طرح نہیں دکھتے۔

ببرک شاہ نے یہ بھی کہا تھا کہ فواد خان ’اوور ریٹڈ‘ اداکار ہیں، بطور فلمی اداکار وہ اتنے قابل نہیں لیکن ان پر دباؤ زیادہ ہوتا ہے اور ان سے امیدیں وابستہ کی جاتی ہیں۔

حال ہی میں عمران عباس نے مداحوں کے ساتھ لائیو سیشن میں ببرک شاہ کا نام لیے بغیر تنقید پر ردعمل دیا۔

عمران عباس نے کہا کہ چاہے کوئی مانے یا نہ مانے یا کوئی ان کے بارے میں کچھ بھی کہے اس سے انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا، لیکن اللہ کی ذات انہیں ان کی اوقات سے کہیں زیادہ عطا کیے چلے جارہی ہے، اسی لیے انہیں دنیا کے لوگوں کی کوئی پرواہ نہیں کہ کوئی ان کے بارے میں کیا سوچتا ہے اور کیا بولتا ہے۔

اداکار کے مطابق یہ سب پیکج کا حصہ ہے، یہ وہ لوگ ہیں جو کہیں نہ کہیں احساسِ کمتری کا شکار ہیں اور اپنی زندگی میں پیچھے رہ گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ جب ان کی شکل پر تبصرہ کرتے ہیں کہ اس کی شکل دیکھو لیکن جب آپ ان کی اپنی شکل دیکھتے ہیں تو معلوم ہوتا ہے کہ وہ کتنے محروم ہیں، اس قسم کے تبصرے کرکے وہ اپنی سوچ اور اپنے پس منظر کو ظاہر کرتے ہیں اور یہ بھی عیاں ہوتا ہے کہ وہ خود اندر سے کتنے دکھی ہیں۔

عمران عباس نے کہا کہ یہی بات شوبز میں بھی لاگو ہوتی ہے، جیسے وہ تمام لوگ جو آپ کی برائی کر رہے ہوتے ہیں، بس ایک دفعہ ان کی اپنی زندگی کا تجزیہ کرلیں کہ وہ کیا کر رہے ہیں، پھر آپ کو اندازہ ہوگا کہ ان کا کہنا اس لیے ہے کیونکہ وہ خود اپنی زندگی میں پیچھے رہ گئے ہیں یا محروم ہیں، ایسے لوگوں کے لیے صرف دعا ہی کی جا سکتی ہے، ان پر ترس آتا ہے اور ان کے لیے یہی دعا نکلتی ہے کہ اللہ انہیں ہدایت دے۔